ریاض : 10 ستمبر (ایجنسیز) فرانسیسی فٹبال اسٹار اور ریال میڈرڈ کے سابق کھلاڑی کریم بینزیما نے مسجد الحرام، مکہ مکرمہ سے عمرے کی ادائیگی کی تصویر شیئر کر دی۔تصویر میں کریم بینزیما احرام کی حالت میں نظر آ رہے ہیں، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ ’ہر چیز کے لیے الحمدللّٰہ‘۔38 سالہ کریم بینزیما اس وقت کسی کلب کا حصہ نہیں، الہلال اور بینزیما نے باہمی رضامندی سے معاہدہ ختم کر دیا تھا، جس کے بعد سعودی کلب کے ساتھ ان کا صرف 6 ماہ کا مختصر قیام اختتام پذیر ہو گیا۔الہلال کے ساتھ مختصر عرصے کے باوجود بینزیما کی کارکردگی مؤثر رہی، انہوں نے تمام مقابلوں میں 16 میچز کھیل کر 10 گول کیے اور 5 معاونت فراہم کیں، جبکہ کلب کے ساتھ کنگز کپ بھی جیتا۔کریم بینزیما کی اپنے سابق کلب لیون میں واپسی کی بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، جہاں سے انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔