ہفتہ میں ایک دن اقامتی اسکول میں قیام کرنے کی ہدایت، فلاحی اسکیمات پر ریاستی وزراء کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری میں عہدیداروں کے ساتھ اہم رول ادا کریں۔ حکومت کی جانب سے شروع کردہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس کو پابند کیاکہ وہ اسکیمات پر عمل آوری کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں اور حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، وزیر جنگلات کونڈہ سریکھا اور وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار کے ہمراہ سکریٹریٹ سے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز اِس موقع پر موجود تھے۔ سرینواس ریڈی نے اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات کی تعمیر، بھو بھارتی قانون کے تحت اراضی تنازعات کی یکسوئی، اقامتی اسکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی، طلبہ کو صحت بخش غذا کی سربراہی، شجرکاری اور مہا لکشمی اسکیمات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس کو مختلف تجاویز پیش کیں اور واضح کیاکہ حکومت کی اسکیمات کے نشانوں کی تکمیل تک عہدیداروں کو مؤثر نگرانی جاری رکھنی چاہئے۔ وزیر مال نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت نے گزشتہ 20 ماہ میں کئی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ حکومت کی اوّلین ترجیح اسکیمات کے فوائد کو عوام تک پہنچانا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کی دلچسپی اور مستعدی کے ذریعہ اسکیمات پر کامیاب عمل آوری ممکن ہے۔ ریاستی وزیر نے سماجی بھلائی، بی سی ویلفیر اور اقلیتی بہبود کے اقامتی ہاسٹلس میں سمیت غذا کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کلکٹرس اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں صحت بخش غذا سربراہ کی جائے۔ اُنھوں نے کلکٹرس اور عہدیداروں کو وقتاً فوقتاً اقامتی اسکولوں کا معائنہ کرنے اور ہفتہ میں ایک دن ہاسٹل میں قیام کرنے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے ضلع کلکٹرس کو اسکیمات کے سلسلہ میں تجاویز پیش کیں اور کہاکہ حکومت کو ہر ضلع سے رپورٹ روانہ کی جائے۔ حکومت نے ہاسٹلس کے ڈائٹ چارجس میں اضافہ کیا ہے لہذا طلبہ کو صحت و صفائی کے ساتھ ساتھ مؤثر غذا سربراہ کی جائے۔ طلبہ کو کسی بھی دشواری سے بچانے کے لئے بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور لکشمن کمار نے اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کے بہتر انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکولوں کے احاطہ اور اطراف کے علاقوں میں صحت و صفائی پر توجہ دی جائے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ انڈوں کی سربراہی سے متعلق ٹنڈرس کی جلد تکمیل کریں۔ اولیائے طلبہ اور ٹیچرس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت ابھی تک 200 کروڑ خواتین نے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کیا ہے۔ اسکیم پر کامیاب عمل آوری کے لئے 97 بس ڈپو اور 321 بس اسٹیشنوں میں جشن کا اہتمام کیا گیا۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ استفادہ کنندگان کو مکان کی تعمیر کے حساب سے امدادی رقم جاری کی جائے ۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت الاٹ کردہ مکانات کی جلد تکمیل کے حق میں ہے۔ وزیر مال نے اضلاع میں ریت کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کے لئے کلکٹرس سے اقدامات کی خواہش کی۔ ویڈیو کانفرنس میں پرنسپل سکریٹریز احمد ندیم، این سریدھر، دانا کشور، نوین متل، یوگیتا رانا، کرسٹینا چونگٹو، سکریٹریز لوکیش کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1