بارسلونا، 13 مئی(یواین آئی) بارسلونا فٹ بال کلب کے کوچ ہینسی فلک نے اسٹار فارورڈ لامین یمال کی جانب سے ٹیم کی فتح کی پریڈ کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے کے عمل کو کھلاڑی کا ذاتی فیصلہ قرار دیا ہے ، تاہم انہوں نے اس پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔اتوارکے روز ریال میڈرڈکو2-0 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار لا لیگا کا خطاب جیتنے کے بعد، پیر کے روز بارسلونا شہر میں ایک کھلی بس میں فتح کی پریڈ نکالی گئی۔ اس جشن کے دوران ہسپانوی انٹرنیشنل کھلاڑی لامین یمال کو بس پر سوار فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران جب فلک سے اس واقعہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا مجھے یہ پسند نہیں آیا۔ میں نے اس (یمال) سے بات کی ہے اور اگر وہ ایسا کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کا اپنا فیصلہ ہے ۔ وہ 18 سال کا ہو چکا ہے ۔فلک نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ لوگ ان سے کیا توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم فٹ بال اس لیے کھیلتے ہیں تاکہ لوگوں کو خوشیاں دے سکیں۔جب آپ سڑکوں پر لوگوں کو خوشی سے روتے ہوئے دیکھتے ہیں، تو وہی ہمارا اصل مقصد ہوتا ہے ۔لامین یمال کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے ۔ یاد رہے کہ لامین یمال اس وقت عالمی فٹ بال کے ابھرتے ہوئے اسٹار کھلاڑی ہیں اور بارسلونا کی حالیہ فتوحات میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے ۔
عائشہ کی سنچری، ریکارڈ بک میںشامل
کراچی،13 مئی(یواین آئی ) پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم کی بیٹر عائشہ ظفر ٹی20 میں سنچری بنانے والی دوسری کھلاڑی بن گئیں۔عائشہ نے 47گیندوں پر سنچری بناکر پاکستان کی جانب سے تیز ترین اور عالمی سطح پر مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔ زمبابوے کے خلاف پاکستان ویمنز ٹیم نے 237 رنز بنا کر ٹی 20 کی تاریخ کا اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا، پاکستان نے زمبابوے کو153 رنزکے بڑے فرق سے شکست دی۔