نئی دہلی۔ 24 مئی (یو این آئی) بالی ووڈ کے مشہور اداکار مکل دیو کا دیہانت ہوگیا۔ ان کی عمر 54 سال تھی۔ وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔ مکل دیو کے بڑے بھائی راہول دیو نے انسٹاگرام پر مکل دیو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ہمیں یہ بتاتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے کہ ہمارے بھائی مکل دیو کا کل رات نئی دہلی میں دیہانت ہو گیا۔ ان کے پسماندگان میں ان کی بیٹی سیا دیو ہیں۔ ان کے بہن بھائی رشمی کوشل، راہول دیو اور ان کے بھتیجے سدھانت دیو انہیں بہت یاد کریں گے۔ مکل دیو نے ’سن آف سردار‘، ’یملا پگلا دیوانہ‘، ’آر… راجکمار‘، ’قلعہ‘، ’کہرام‘ اور ’جے ہو‘ جیسی کئی فلموں میں بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔ انہوں نے ہندی کے ساتھ ساتھ پنجابی، بنگالی، ملیالم، کنڑ اور تیلگو میں 60 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ مکل دیو آخری بار 2022 میں فلم ‘انت دی اینڈ’ میں بڑے پردے پر نظر آئے تھے ۔