نئی دہلی، 13 جون (یو این آئی) سپریم کورٹ نے کرناٹک کے سینما گھروں میں مشہور فلمی اداکار کمل ہاسن کی اداکاری والی فلم ’ٹھگ لائف‘ کی نمائش پر پابندی کے خلاف دائر مفاد عامہ کی عرضی پر جمعہ کے روز ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس پرشانت کمار مشرا اور جسٹس منموہن کی تعطیلی بنچ نے ’ٹھگ لائف‘ پر پابندی کے خلاف مہیش ریڈی کی درخواست پر کرناٹک حکومت کو نوٹس جاری کیا اور اسے اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ کرناٹک حکومت نے ضروری قانونی طریقہ کار کی پیروی کیے بغیر ریاست میں فلم کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے معاملے پر غور کرنے کے حق میں دلائل دیئے ۔ انہوں نے کرناٹک حکومت پر ان انتہا پسند عناصر کے سامنے خود سپردگی کا الزام بھی لگایا جنہوں نے لسانی اقلیتوں کو نشانہ بناتے ہوئے متعلقہ تھیٹروں کو جلانے کی کھلے عام دھمکی دی تھی۔ بنچ نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔