فیس بک رازداری مقدمہ کے تصفیہ کیلئے راضی

   

نیویارک ۔ میٹا (فیس بک) نے رازداری کے اس مقدمہ کے اصولی تصفیہ کے لئے رضامندی کا اظہارکیا ہے جس میں کیمبرج اینالیٹیکا سمیت تیسرے فریق کو صارفین کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی دینے کے لئے جرمانہ مانگاگیا ہے ۔ گارجین کی رپورٹ کے مطابق، تاہم، مقدمہ کے حل کے لئے ابھی مالی شرائط کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سان فرانسسکوکی ایک وفاقی عدالت نے اس کارروائی کو 60 دنوں کے لیے روکنے کا حکم دیا جب تک کہ مدعی اور مدعا علیہ دونوں تحریری تصفیہ کو حتمی شکل نہیں دیتے ۔ رپورٹ کے مطابق، چار سال پرانے مقدمہ میں الزام لگایا گیا تھا کہ فیس بک نے صارفین کے ذاتی ڈیٹا کو تیسرے فریق کے ساتھ شیئر کرکے صارفین کے رازداری کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ اس کی رازداری کی شرائط شفافیت کے مطابق ہیں اور کسی قانونی دعوے کی حمایت نہیں کرتی ہیں۔