فیفا ورلڈ کپ ، مجموعی رقم 900 ملین ڈالر کے قریب پہنچ گئی

   

وینکوور، 29 اپریل ( یو این آئی) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے رواں برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کے لیے مالی تقسیم میں زبردست اضافے کا اعلان کیا ہے ۔ ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے بڑھتے ہوئے سفری اخراجات اور آپریشنل چیلنجزکے پیش نظر اب مجموعی ادائیگیوں کو بڑھا کر تقریباً 900 ملین ڈالرکردیا گیا ہے ۔ وینکوور میں فیفا کانگریس سے قبل ہونے والے کونسل اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے مختص رقم اب 871 ملین ڈالر ہوگی۔ اس سے قبل دسمبر میں یہ رقم 727ملین ڈالر مقررکی گئی تھی۔کوالیفائی کرنے والی تمام 48 ٹیموں کو تیاریوں کے لیے دی جانے والی رقم 1.5 ملین ڈالر سے بڑھاکر2.5 ملین ڈالرکردی گئی ہے ۔ ٹورنمنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ملنے والی رقم 9 ملین ڈالر سے بڑھا کر 10ملین ڈالرکردی گئی ہے ۔ ٹیموں کے وفود کے اخراجات اور ٹکٹوں کے کوٹے میں بھی اضافہ کیاگیا ہے ۔ فیفاکے صدر جیانی انفینٹینو نے اپنے بیان میں کہا فیفا اس وقت تاریخ کی مضبوط ترین مالیموقف میں ہے ، جو ہمیں اپنی رکن اسوسی ایشنز کی بے مثال طریقے سے مدد کرنے کے قابل بناتی ہے ۔ یہ اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ کس طرح فیفا کے وسائل کو دوبارہ کھیل کی بہتری کے لیے لگایا جا رہا ہے ۔یہ اضافہ ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کئی رکن ممالک نے تشویش ظاہرکی تھی کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو جیسے وسیع خطے میں ٹورنمنٹ کے دوران ٹیکس، سفر اور قیام کے بھاری اخراجات کی وجہ سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ فیفا نے ان اضافی فنڈزکے ذریعے ان خدشات کو دورکرنے کی کوشش کی ہے ۔ واضح رہے کہ2026 کا ورلڈکپ تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنمنٹ ہوگا جس سے فیفا کو تقریباً 13 بلین ڈالرکی آمدنی کی توقع ہے ۔ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 50 ملین ڈالر ملیں گے ۔ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو33 ملین ڈالر دیے جائیں گے ۔ تیسرے اور چوتھے مقامات پر آنے والی ٹیموں کو بالترتیب 29 ملین اور 27 ملین ڈالرکی حقدار ہوں گی۔یہ انعامی رقم 2022 کے قطر ورلڈکپ کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے ۔ورلڈ کپ کیلئے فیفا کی جانب سے سرمایہ کاری اور انعامی رقومات میں اضافہ کے اقدامات کو ہرگوشے سے پذرائی مل رہی ہے ۔

ورلڈ کپ،نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان
آکلینڈ،29 اپریل ( یو این آئی) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے ، ایمیلیا کر15 رکنی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق صوفی ڈیوائین اور سوزی بیٹس بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ صوفی ڈیوائین اور سوزی بیٹس آخری مرتبہ ورلڈکپ کھیل رہی ہیں، ورلڈ کپ کے بعد دونوں کرکٹرز ریٹائر ہوجائیں گی۔آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ12 جون سے انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ ویمن ٹیم انگلینڈ کے خلاف3 ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریز بھی کھیلے گی۔اس سیریز میں صوفی اور سوزی توجہ کا مرکز ہوں گی۔