قاضی پیٹ ریلوے کوچ فیکٹری میں آئندہ سالمینوفیکچرنگ کا آغاز

   

مرکزی وزیر ریلوے اشونی کمار ویشنوی، 150 لوکوموٹیو اور میٹرو کوچس کی بھی تیاری کی جائے گی
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ریلوے اشونی کمار ویشنو نے کہا کہ آئندہ سال 2026 میں ورنگل میں قاضی پیٹ ریلوے کوچ فیکٹری میں مینوفیکچرنگ کا آغاز ہو جائے گا۔ آج انہوں نے مرکزی وزیر کشن ریڈی و بی جے پی قائدین کے ساتھ قاضی پیٹ ریلوے کوچ فیکٹری کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشونی ویشنو نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے ریلوے کوچ فیکٹری منظور کی ہے جس کے کاموں کی پیشرفت کا وہ آج معائنہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاضی پیٹ میں میگھا ریلوے کوچ فیکٹری قائم کی جارہی ہے۔ اس میں 2026 سے مینوفکچرنگ کا آغاز ہو جائے گا۔ قاضی پیٹ فیکٹری سے عنقریب 150 لوکوموٹیو کی پیداوار بھی کی جائے گی۔ مستقبل میں قاضی پیٹ کوچ فیکٹری میں میٹرو کوچس تیار کئے جائیں گے۔ وزیر ریلوے نے کانگریس اور بی آر ایس کی جانب سے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ تلنگانہ میں ریلوے نیٹ ورک پھیلایا جارہا ہے۔ بڑے ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے تلنگانہ کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ کئی ریلوے پراجکٹس زیر التواء ہیں۔ تلنگانہ حکومت سے حصول اراضیات میں تاخیر کی وجہ سے یہ کام زیر التواء ہے۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کا قیام 40 سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم نے تلنگانہ کی عوام کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ یہاں پر ریلوے ویاگنس، کوچس اور انجن کی تیاری بھی کی جائے گی۔ ریاست میں 40 ریلوے اسٹیشنوں کو جدید طریقوں سے ترقی دی جارہی ہے۔ ورنگل میں ایک ایئرپورٹ کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت اس کیلئے سنجیدہ ہے۔ ماضی میں سابق چیف منسٹر کے سی آر کو اراضی مختص کرنے کا کہا گیا مگر بی آر ایس حکومت نے حصول اراضیات میں دلچسپی نہیں دکھائی جس کی وجہ سے ایئرپورٹ قائم نہیں ہوسکا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر نیشنل ہائی ویز قائم کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی ریجنل رنگ روڈ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اب تلنگانہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جتنا جلدی حصول اراضیات کرتی ہیں اتنی تیزی سے ترقیاتی کام آگے بڑھ سکتے ہیں۔ 2