چھوٹے بچوں والے گھروں میں قالینوں پر داغ دھبے پڑ ہی جاتے ہیں۔آپ ڈٹرجنٹ کی مدد سے صفائی کرتی ہیں تو کبھی یہ ہلکے ہو جاتے ہیں کبھی نہیں ہوتے۔اس طرح ایک سال پہلے خریدا گیا قالین بھی پرانا اور بے رونق سا محسوس ہو گا۔اگر بہت قیمتی قالین ہے تو ہمارا مشورہ مانیے جس دکان سے آپ نے خریدا تھا وہیں ڈرائی کلین کروائیے کیونکہ قیمتی قالین کو ٹوٹکوں کی نذر کرنا اور سو فیصد نتیجہ حاصل نہ کرنا ہر گز بھی دانشمندی نہیں ہے۔ اگر قیمتی قالین نیا نہیں یا کچھ بہنیں جو استعمال شدہ قالین خریدتی ہیں تو مہنگی دھلائی یا پروفیشنل ڈرائی کلینر کی مدد لینا ضروری نہیں تاہم یہ دھبوں پر بھی منحصر ہے کہ صفائی کا کیسا تقاضا ہے ۔ قالین پہ لگے دھبے صاف کرنے کے چند طریقے ہیں۔ آپ بھی ان کے بارے میں جانئے۔
سرکہ: سرکہ صفائی کیلئے سپر ہیرو مانا جاتا ہے۔ اس کا استعمال کرکے داغ اس طرح دور ہوسکتے ہیں کہ ایک پیالے میں دو کھانے کے چمچ نمک اور آدھا کپ سفید سرکہ ڈالیں۔ان دونوں چیزوں کو اچھی طرح ملا کر داغ والی جگہ پر لگائیں اور اسے سوکھنے دیں۔جب سوکھ جائے تو قالین صاف کرنے کی مشین کی مدد سے صاف کر لیں۔قالین پر لگا ہوا دھبہ اس طرح صاف ہو جائے گا جسے تھا ہی نہیں ۔ اگر کیچڑ یا مٹی کے داغ ہوں تو ایک پیالے میں ایک کھانے کا چمچ سرکہ اور ایک کھانے کا چمچ میدہ ڈال کر پیسٹ بنا لیں۔ اس پیسٹ کو کسی سوتی کپڑے پر لگا کر داغ والی جگہ پر ملیں اور دو دن تک اس پیسٹ کو لگا رہنے دیں۔دو دن بعد تنکے والی جھاڑو یا سخت دندانوں والے برش یا ویکیوم کلینر کی مدد سے صاف کر لیں ۔ اگر قالین پر پھلوں کے جوس کا دھبہ پڑ جائے تو ڈیڑھ چمچ سفید سرکے میں ایک چمچ واشنگ پاؤڈر کھول کر لگائیں اور تھوڑی دیر سوکھنے دیں پھر برش کی مدد سے صاف کر لیں اسی طرح چائے یا کافی کے داغ بھی صاف کئے جا سکتے ہیں۔
امونیا: کلیئر امونیا بھی بے حد موثر کلینر ہے۔ایک کپ کلیئر امونیا میں دو لیٹر کے قریب نیم گرم پانی شامل کریں جب سوکھ جائے تو پھر سے لگائیں،گہرے داغ کیلئے دو سے چار مرتبہ کرنا بہتر ہو گا۔
نیل پالش ریموور: اگر قالین پر نیل پالش یا انک کا داغ لگے تو کسی سوتی کپڑے کو نیل پالش ریموور میں بھگو کر اس جگہ پر رگڑیں دو سے تین مرتبہ اس عمل کو دہرانے سے داغ جاتا رہے گا۔
بیکنگ سوڈا: بچوں کی قے صاف کرنے کیلئے بیکنگ سوڈا بہترین انتخاب ہے ۔ داغ پر بیکنگ سوڈا ڈال کر سوکھنے دیں اس کے بعد تولیہ رکھ کر دبائیں جب سوکھ جائے تو صاف کر لیں یہ داغ بھی صاف کرے گا اور بُو بھی دور کر دے گا۔