قانون ساز کونسل کیلئے 5 امیدواروں کا متفقہ انتخاب

   

وجئے شانتی، ادنکی دیاکر، این ستیم، شنکر نائک و ڈاکٹر شراون شامل
حیدرآباد 13 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے لئے 5 امیدواروں کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ایم ایل اے کوٹہ کے تحت 5 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں کانگریس سے 3 اور سی پی آئی اور بی آر ایس سے ایک ایک امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ ڈمی امیدواروں کی جانب سے پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کے بعد صرف 5 امیدوار میدان میں رہے جس پر ریٹرننگ آفیسر نے پانچوں امیدواروں کے متفقہ انتخاب کا اعلان کردیا۔ کانگریس کے امیدواروں میں ادنکی دیاکر، شنکر نائک اور وجئے شانتی ہیں جبکہ سی پی آئی نے این ستیم اور بی آر ایس نے ڈاکٹر ڈی شراون کو امیدوار بنایا۔ اسمبلی میں ارکان کی عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس اور اُس کی حلیف جماعتوں کو 4 نشستوں پر کامیابی یقینی تھی اور پارٹی نے سی پی آئی کو ایک نشست الاٹ کرتے ہوئے جملہ 4 امیدوار میدان میں اُتارے تھے۔ بی آر ایس کی جانب سے ابتداء میں 2 امیدواروں کے مقابلے کے امکانات ظاہر کئے گئے تاہم لمحہ آخر میں صرف ایک امیدوار ہی مقابلہ میں رہا۔ 5 امیدواروں کے متفقہ انتخاب کے بعد نومنتخب امیدواروں کو پارٹی قائدین نے مبارکباد پیش کی ۔ واضح رہے کہ 29 مارچ کو 5 ارکان کونسل کی میعاد ختم ہورہی ہے جن میں محمد محمود علی، ستیہ وتی راتھوڑ، ایس سبھاش ریڈی، وائی ملیشم (تمام بی آر ایس) اور مرزا ریاض الحسن آفندی (مجلس) شامل ہیں۔ 1