قبائیلی طبقہ کی سیاسی نمائندگی اور ہمہ جہت ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ

   

سنت سیوا لال مہاراج کی 20 ایکر پر مندر تعمیر کرنے کا اعلان، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
ناگرکرنول26 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے مدی ماڈاگو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اننت پور میں پیدا ہونے والے سنت سیوالال مہاراج نے سماج کو ایک اچھا اور نیک راستہ دکھایا۔ انہوں نے شراب اور گوشت سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے سماج کے لیے ایک مثالی شخصیت کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔ سنت سیوالال مہاراج تمام لمباڑی برادری کے لیے قابلِ عقیدت ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں نے لمباڑی بھائیوں کو صرف ووٹ بینک اور اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا، جبکہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ہی لمباڑی برادری کی جدوجہد اور صلاحیتوں کو پہچانا اور انہیں مساوی مواقع فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ لمباڑی قوم وہ بہادر قوم ہے جس نے برطانوی حکمرانوں کو خوفزدہ کیا ۔ یہ ایسی قوم ہے جو اگر کسی پر بھروسہ کرتی ہے تو اس کے لیے اپنی جان تک قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتی۔ اچم پیٹ اور نلملہ سے میرا گہرا تعلق ہے ریونت ریڈی نے جذباتی انداز میں کہا کہ اچم پیٹ اور نلملہ وہ علاقہ ہے جہاں انہوں نے جنم لیا اور پرورش پائی۔ جب بھی وہ خود کو اس علاقے کا فرزند کہتے ہیں تو فخر سے ان کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ وعدہ کرنے کے بعد اسے ہر حال میں پورا کرنے کا جذبہ انہیں اسی سرزمین سے ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ونشی کرشنا کو کامیاب بنائیں گے تو اچم پیٹ کو صرف ایک نہیں بلکہ دو ایم ایل ایز کی نمائندگی حاصل ہوگی۔ اب انہوں نے اچم پیٹ کے لیے 450 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ 20 ایکڑ اراضی پر سنت سیوالال مہاراج کا عظیم الشان مندر تعمیر کیا جائے گا چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ موجودہ 16 ایکڑ اراضی کے علاوہ مزید 4 ایکڑ اراضی حاصل کرتے ہوئے جملہ 20 ایکڑ پر سنت سیوالال مہاراج کا ایسا عظیم الشان مندر تعمیر کیا جائے گا جو ملک کے لیے ایک نمایاں شناخت بنے گا۔ انہوں نے لمباڑی بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کا ساتھ دیں۔ لمباڑی برادری کے روزگار، ملازمتوں اور مجموعی ترقی کے لیے وہ مسلسل جدوجہد کریں گے۔ ایس ٹی کمیشن قائم، صدرنشین کے عہدے پر لمباڑی برادری کے فرد کا تقرر ہوگا ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ درج فہرست قبائل کے لیے ایک خصوصی کمیشن قائم کیا جائے گا اور اس کے صدرنشین کے عہدے پر لمباڑی برادری سے تعلق رکھنے والے فرد کو مقرر کیا جائے گا۔