لداخ میں جے سی او سمیت 5 فوجی جوان شہید

   

ٹینک سے دریا عبور کرنے کی مشق کے دوران حادثہ

نئی دہلی: لداخ کے دولت بیگ اولڈی علاقے میں ایک اور المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ دفاعی افسر کے مطابق علی الصبح تقریباً 3 بجے ٹینک کے ذریعے دریا عبور کرنے کی مشق کے دوران آبی سطح میں اچانک اضافہ ہو گیا اور فوجی اہلکار اس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثے میں جے سی او (جونیئر کمیشنڈ آفیسر) سمیت فوج کے 5 جوان شہید ہو گئے جبکہ ایک فوجی کو بچا لیا گیا۔دراصل دولت بیگ اولڈی میں رات سے مشق جاری تھی اور فوج کے بہت سے ٹینک موقع پر موجود تھے۔ اس دوران لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے قریب ٹی۔72 ٹینک سے رات کے وقت دریا کو کس طرح عبور کیا جائے اس کی مشق جاری تھی۔ایک رپورٹ کے مطابق مشق کے ایک حصے کے طور پر جب ایک ٹینک نے دریا کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اچانک دریا کا بہاؤ بڑھ گیا اور ٹینک بہہ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوران ٹینک میں کل 4تا5 فوجی تھے۔ پانچوں نعشیں نکال لی گئی ہیں۔فوج اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ پانی کی سطح اچانک کیسے بڑھ گئی۔ جس جگہ یہ حادثہ ہوا ہے اس پر ہندوستان اور چین کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی چلی آ رہی ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے بھی جوانوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ 5 ہندوستانی فوج کے جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر ہمیں بہت دکھ ہوا ہے۔