ممبئی، 23 ستمبر (یو این آئی) لودھا ڈیولپرز لمیٹڈ (ایل ڈی ایل) کے سابق کل وقتی ڈائرکٹر راجندر لودھا کے خلاف مبینہ گھوٹالے کی تحقیقات میں چونکانے والے حقائق سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق لودھا نے کمپنی کی زمین اپنے ذاتی کاروباری فائدے کے لئے فروخت کی اور اس سے منافع حاصل کیا۔ یہ معاملہ شرڈون، پنویل میں واقع 8,850 مربع میٹر زمین سے متعلق ہے ، جسے ایل ڈی ایل نے 2017 میں اپرنا پرانک اور ان کے بچوں سے حاصل کیا تھا۔ اپرنا، کمپنی کے سابق ملازم منگیش پرانک کی بیوہ ہیں، جنہوں نے 2013 سے یہ پلاٹ اپنے نام رکھا تھا۔ منگیش کی 2016 میں وفات کے بعد زمین کی ملکیت اپرنا اور ان کے بچوں کے نام درج ہوئی۔ حصول کے وقت اپرنا نے راجندر لودھا کے حق میں پاور آف اٹارنی پر دستخط کیے تھے ۔ تحقیقات کے مطابق جون 2022 میں لودھا نے اسی پاور آف اٹارنی کا استعمال کرتے ہوئے یہ زمین اپنے بزنس پارٹنر رتیش نرسانا کو محض 5 لاکھ روپے میں فروخت کر دی۔