کانگریس اور بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ، کے سی آر کے روڈ شو سے نیا جوش و خروش
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے لوک سبھا کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے دن رات کام کرنے والے پارٹی کے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد حالات سے مایوس ہوئے بغیر پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے جو جرات کا مظاہرہ کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو اسمبلی انتخابات میں یقینا شکست ہوئی ہے ۔ مگر پارٹی عوام کے دلوں میں زندہ ہے ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کی 16 روزہ بس یاترا پارٹی کیڈر کے لیے حوصلہ افزا رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل حکمران کانگریس اور بی جے پی نے بی آر ایس پارٹی کے خلاف کئی جھوٹے الزامات عائد کئے ۔ بی ار ایس کے ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی کو خرید لیا گیا ۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد ہونے کا الزام عائد کیا گیا ۔ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا گیا ۔ مگر بی آر ایس پارٹی ڈری نہیں جھکی نہیں بلکہ حالات کا مقابلہ کیا اور پارٹی کیڈر نے مکمل ساتھ دیا ہے ۔ کانگریس پارٹی 6 گیارنٹی پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ بی آر ایس نے حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے درمیان لے گئی ۔ ریاست میں برقی بحران اور پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ۔ کسان بافندے اور آٹو ڈرائیورس نے خود کشی کرلی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ کو کچھ نہیں دیا ہے ۔ صرف مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہم نے کانگریس حکومت کی ناکامیوں اور بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کو عوام کے سامنے عیاں کیا ہے اور اس معاملے میں بی آر ایس کامیاب ہوئی ہے ۔ نتائج بی آر ایس کے لیے حوصلہ افزا رہیں گے ۔۔ 2