سرینگر۔15 اکتوبر ۔ ( یو این آئی ) لداخ انتظامیہ نے کانگریس کے کونسلر اسٹینزن تسپنگ سمیت 7 افراد کو رہا کر دیا ہے جن کو 24 ستمبر کو لیہہ میں ہونے والے پر تشدد احتجاج کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔لیہہ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیع لاسو کے مطابق منگل کے روز لیہہ میں پر تشدد احتجاج کے سلسلے میں گرفتار تمام 7 افراد کو ضمانت دیدی گئی جن میں کانگریس کونسلر اسٹینزن تسپنگ،لیہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) کی خاتون صدر، انجمن معین الاسلام کے یوتھ صدر اور لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن(ایل بی اے ) کے ارکان شامل ہیں۔ تسپنگ کی گرفتاری اس وقت متنازعہ بن گئی تھی جب تشدد کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نقاب پوش شخص کی لاٹھی اٹھائے تصویر وائرل ہوئی تھی۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص تسپنگ ہے تاہم کانگریس لیڈر نے اس الزام کی سخت تردید کی تھی۔کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے لیڈر سجاد کرگلی نے کہا کہ لیہہ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے کونسلر اسٹینزن تسپنگ جنہیں حالیہ لیہہ تشدد میں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا تھا، کو ضمانت مل گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے بعض میڈیا اداروں اور سیاسی لیڈروں کی بے بنیاد پروپگنڈہ مہم بے نقاب ہوگئی۔