ماؤسٹوں کے خلاف کارروائیوں کو روکنے اور امن بات چیت کے آغاز کا مطالبہ

   

حیدرآباد میں 17 جون کو مہا دھرنا، جسٹس چندر کمار ، پروفیسر ہرگوپال اور ویرا بھدرم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) سی پی ایم قومی سکریٹریٹ کے رکن ٹی ویرا بھدرم نے چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے خلاف سیکوریٹی فورسیس کے آپریشن کگار کی مذمت کی اور تلاشی مہم فوری روکتے ہوئے امن مذاکرات کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویرا بھدرم نے کہا کہ ماؤسٹوں کی جانب سے امن مذاکرات کی پیشکش کے باوجود سیکوریٹی فورسس نے تلاشی مہم کو جاری رکھا اور ماؤسٹوں کو انکاونٹر کے نام پر ہلاک کیا جارہا ہے۔ امن مذاکرات کے لئے جہد کاروں پر مشتمل کمیٹی نے حیدرآباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں بائیں بازو جماعتوں کے علاوہ سیول لبرٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ قائدین نے کہا کہ ماؤسٹ تحریک کو لاء اینڈ آرڈر مسئلہ کے طور پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ یہ ایک نظریاتی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کے خاتمہ کے ذریعہ ماؤسٹ تحریک پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 31 مارچ 2026 تک ماؤسٹوں کے صفایا کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ ، تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے سرحدی علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں سیکوریٹی جوانوں کو ماؤسٹوں کے خلاف مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ پرامن مذاکرات کمیٹی نے انکاؤنٹرس کے خلاف اور مذاکرات کی تائید میں 17 جون کو مہا دھرنا منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں کانگریس کے سابق رکن اسمبلی انیل کمار ، پروفیسر ہرگوپال ، جسٹس چندر کمار ، سی ایچ سدھاکر اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔1