ماؤسٹوں سے امن مذاکرات ضروری: پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد ۔ 22۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ اور رکن قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام نے چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے سرحدی علاقوں میں ماؤسٹوں کے خلاف سیکوریٹی فورسس کی کارروائیوں کو روکنے اور امن مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ماؤسٹ تحریک کے اہم قائد ایس کیشو راؤ کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ ماؤسٹوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں ہلاک کرنا غیر انسانی اور غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤسٹ رہنما کے انکاؤنٹر کے بارے میں کئی شبہات پائے جاتے ہیں۔ پولیس نے ماؤسٹ رہنما کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں انکاؤنٹر کے نام پر ہلاک کردیا۔ اس سلسلہ میں مختلف گوشوں سے شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کودنڈا رام نے ماؤسٹ رہنما کی ہلاکت کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماؤسٹوں کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے ذریعہ نظریہ کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ اس طرح کے انکاؤنٹر سے تشدد کو مزید ہوا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قانون کے تحت ماؤسٹوں کا تعاقب کرتے ہوئے ہلاک کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ماؤسٹوں نے امن مذاکرات کی پیشکش کی ہے اور حکومت کو اسے قبول کرتے ہوئے فوری مذاکرات کا آغاز کرنا چاہئے۔1