لوک بھون میں 5 لاکھ کی اسکالرشپ کی تقسیم، نوجوانوں کو منشیات سے دوری کا مشورہ
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے کہاکہ معاشی مشکلات طلبہ کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں اور سماج کو اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے غریب اور مستحق طلبہ کی مدد کرنی چاہئے۔ گورنر آج لوک بھون میں 28 غریب اور مستحق طلبہ میں 5 لاکھ روپئے کی اسکالرشپ کے چیکس کی تقسیم کے بعد خطاب کررہے تھے۔ مہا مانا مالویہ مشن حیدرآباد کی جانب سے اسکالرشپ کی تقسیم کی گئی۔ گورنر نے کہاکہ بھارت رتن پنڈت مدن موہن مالویہ نے تعلیم کے فروغ کے لئے غیر معمولی خدمات انجام دیں اور اُن کا ماننا تھا کہ قومی ترقی میں تعلیم ہی اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ گورنر نے طلبہ سے کہاکہ وہ اسکالرشپ کو صرف مالی امداد تصور نہ کریں بلکہ اپنے تابناک مستقبل اور خوابوں کی تکمیل کا ایک بہترین موقع تصور کریں۔ اُنھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے لئے مستقبل کے نشانوں کا ابھی سے انتخاب کریں تاکہ اپنے خاندان، سماج اور ملک کی خدمت کی جاسکے۔ شیوپرتاپ شکلا نے مالویہ مشن کی جانب سے تعلیمی اور سماجی خدمات کو سراہا اور عطیہ دہندگان کی ستائش کی۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ مالویہ مشن تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کو وسعت دے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں کی مدد کی جاسکے۔ گورنر نے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ منشیات نہ صرف انفرادی زندگی کو متاثر کرتا ہے بلکہ خاندانوں کی کمزوری کا باعث ہے۔ نوجوانوں کو مشترکہ طور پر اِس بُرائی کے خلاف جدوجہد کرنی چاہئے۔ V/k/i/1