مانڈویہ کی اپنے ہم منصبوں کیساتھ دو طرفہ بات چیت

   

نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے ماریشس، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی ہے ۔ مانڈویہ نے بدھ کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ کے جنیوا میں ہونے والی بین الاقوامی لیبر کانفرنس کے دوران ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور ماریشس کے وزرائے محنت اور روزگار کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ مذاکرات ہوئے ہیں۔ ان میٹنگوں کے دوران، مسٹر مانڈویہ نے کئی اہم امور پر متعلقہ ممالک کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا جن میں ہنر مندی کی ترقی، روزگار کی فراہمی اور عالمی مزدور تحریک شامل ہیں۔ تمام وزراء نے میٹنگ کے دوران ہندوستان کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم نیشنل کیرئیر سروس اور ای شرم کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ، تمام ممالک نے اس پلیٹ فارم میں دلچسپی ظاہر کی اور اسے اپنے اپنے علاقوں میں شروع کرنے پر بات کی۔ مانڈویہ بین الاقوامی لیبر کانفرنس میں شرکت کے لیے 12 جون تک جنیوا کے دورے پر ہیں۔