سرینگر: پولیس نے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خانہ نظر بند رکھنے کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نقل و حمل پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے اور وہ سفر کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ محبوبہ مفتی نے چہارشنبہ کی صبح اپنے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا: ‘مجھے خانہ نظر بند رکھا گیا ہے صرف اس لئے کہ مجھے ایک پارٹی کارکن کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے پٹن جانا تھا’۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اگر ایک سابق وزیر اعلیٰ کے بنیادی حقوق کو اس طرح آسانی سے دبایا جاسکتا ہو تو عام لوگوں کی حالت کا کیا تصور کیا جا سکتا ہے ’۔محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اپنی رہائش گاہ کے گیٹ کی تصویر بھی اپ لوڈ کی تھی۔ سرینگر پولیس نے اس ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ’وضاحت کی جاتی ہے کہ (محبوبہ مفتی کے ) پٹن سفر کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے ہمیں اطلاع دی گئی تھی وہ ایک بجے پٹن جانے والی ہے‘۔ پولیس ٹویٹ میں کہا گیا: ‘جو تصویر انہوں نے ٹویٹ کی ہے وہ گیٹ کے اندر کی ہے جو اس پر تالا لگا ہوا ہے وہ اس بنگلے میں رہنے والوں نے لگایا ہے ’۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ کوئی تالا لگا ہوا نہیں ہے نہ کوئی پابندیاں ہیں وہ سفر کرنے کے لئے آزاد ہیں۔