محمدؐ کی تعلیمات پر عمل کریں ، زندگی تابناک بن جائے گی : ڈی سی پی

   

نوجوانوں کو برائی سے دور رہنے کی تلقین ، جنگاؤں میں جلسہ میلاد و نعتیہ مشاعرہ ، علماء ، سیاسی و سماجی رہنماؤں کا خطاب

جنگاؤں : /6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مومن یوتھ چیارٹیبل ٹرسٹ جنگاؤں ضلع کے زیراہتمام ساتواں عظیم الشان جلسہ میلاد النبیؐ و نعتیہ مشاعرہ /4 ستمبر بروز جمعہ بعد نماز مغرب ایکمنار چوراستہ گرنی گڈہ جنگاؤں پر منعقد ہوا ۔ جس میں مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجا مہندرا نائیک ، جنگاؤں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی صدر ایل دھن ونتی ، پی سی سی ممبر ڈاکٹر لکشمی نارائنا نائیک ، مجلس بلدیہ کونسلرز لوک منت ریڈی ، کروناکر ریڈی ، سابقہ کونسلر ایم سرینواس ، جنگاؤں ٹاؤن کانگریس صدر وینکٹیشورلو ، مولانا عبدالحفیظ قاسمی ، کمرویلی چیرمین نرسمہا ریڈی ، ڈاکٹر سید مخدوم جرنلسٹ ، وحید گلشن جرنلسٹ ، مفتی محمد غوث نرسم پیٹ ، محمد ادریس میمن ، محمد مجیب الرحمن نے شرکت کی ۔ کنوینر پروگرام محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع نے تمام کا خیرمقدم کیا ۔ مومن یوتھ چیارٹیبل ٹرسٹ سے وابستہ طلباء و نوجوان محمد رافع متین ایڈوکیٹ ، محمد عبدالمنان رضی ، علیم الدین، سلمان ، شاہنواز ، رضوان و دیگر نے جلسہ کے انتظامات میں حصہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر راجا مہندرا نائیک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلادالنبیؐ کے جلسہ میں ہر سال پابندی کیساتھ شرکت کررہا ہوں ۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ یہ پروگرام کرتے ہیں ، ایسے جلسہ منعقد ہونا ضروری ہے جس کی وجہ سے ہندو ۔ مسلم بھائی چارگی کا مظاہرہ ہوتا ہے ۔ جنگاؤں امن اور شانتی کاگہوارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمدؐ نے ہم سب کو نیک اور اچھے رہنے کی تعلیم دی ہے ۔ برے کاموں سے دور رہنا اسلام نے تعلیم دی ہے ۔ اسلام کے مطابق ہر مسلمان برے کام سے دور ہوکر اپنی زندگی گزارے کسی بھی انسان کو تکلیف نہیں دینا ہے ۔ محمدؐ اپنی زندگی میں کسی بھی انسان کو تکلیف نہیں دی ۔ طلباء اور نوجوان ڈرگس اور گانجہ کے عادی ہوتے جارہے ہیں انہیں روکنا ضروری ہے ۔ اچھی تعلیم اور اچھی صحت کیلئے زندگی گزارنے کی ہدایت دیں ورنہ یہ لوگ مستقبل میں اپنی زندگی کے کئی ایک مشکلات سے دوچار ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہر نوجوان آن لائن گیم اور بٹنگ کا عادی ہوگیا ہے ۔ آسانی سے پیسہ کمانے کی چکر میں اپنی صحت خراب کرلے رہا ہے ۔ محمدؐ نے محنت اور تجارت کو پسند کیا ہے ،آپ لوگ اس طرح سونچ کر زندگی گزاریں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ نشہ کی عادت کو چھوڑدیں ۔ مسلمان گناہ سے دور رہتے ہیں مگر آج غلط کیسوں میں اور غلط کاموں میں پھنس جارہے ہیں اس سے دور رہیں ۔ محمدؐ کی جو تعلیمات ہیں اس پر آپ لوگ عمل کریں تو آپ لوگ بہت اچھی زندگی گزاریں گے ۔ ہر برے کام سے دور رہنے کی کوشش کریں ۔ اچھی تعلیم اور اچھی نوکری ، کاروبار کی طرف توجہ دیں ۔ مفتی محمد غوث نرسم پیٹ نے کہا کہ حضورؐ کی زندگی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے ۔ اگر ہم اس کو ماڈل بناکر زندگی گزاریں تو دنیا میں اور آخرت میں کامیابی حاصل ہوگی ۔ حضورؐ نے عورت کو بڑا مرتبہ اور مقام دیا ہے ۔ اللہ کے نبی نے ہمارے لئے کئی ایک قربانیاں دی ہیں مگر ہم ان کی سیرت طیبہ کا مطالعہ نہیں کرتے ۔ غیر ضروری چیزوں رسم و رواج کے پیچھے بھاگتے ہیں ۔ ڈاکٹر سید مخدوم نے تلگو زبان میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفےؐ کو دنیا میں بھیج کر اللہ نے ہمارے اوپر بہت بڑا احسان کیا ہے ۔ حضور ؐ نے تکلیف اٹھاکر اسلام کی دعوت دی ۔ ہم ان سے محبت کرتے ہیں مگر ان کی تعلیمات سے دور ہیں ۔ مولانا عبدالرحمن صدر جمعیۃ العلماء جنگاؤں ضلع ، مولانا عبدالحفیظ قاسمی ، مولانا عبدالرشید خطیب و امام مسجد بلال ، مولانا مفتی انصار خطیب و امام ایکمینار مکہ مسجد ، مولانا امان اللہ خطیب و امام مسجد حیدر اور مفتی مصطفٰی رضا نے کہا کہ ہم لوگ سچے اور پکے دین پر چلتے ہوئے دوسری قوموں کے لوگوں کو دین کی دعوت دینا ہے تاکہ اللہ اور رسولؐ سے ہم راضی ہوجائے ۔ صدر جلسہ محمد مجیب الرحمن نے کہا کہ میلاد النبیؐ کے جلسوں سے روحانیت حاصل ہوتی ہے ۔ ایسے جلسہ منعقد ہونا معاشرہ کے اندر ضروری ہے ۔ نوجوان نسل دین سے قریب ہوکر نبیؐ کے احکامات پر چلیں برے کاموں سے دور رہیں اور گناہ سے دور رہیں تب ہی ہم کامیابی حاصل کریں گے ۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کنوینر پروگرام نے کہا کہ آپ لوگ جلسہ میلاد النبیؐ و نعتیہ مشاعرہ میں شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنائے ہیں میں تمام کا مشکورہوں ۔ بعد ازاں نعتیہ مشاعرہ کا آغاز ہوا جس کی نظامت وحید گلشن ورنگل نے کی ۔ ٹیپیکل جگتیالی، امجد سلیم کریمنگر ، وحید گلشن ، خواجہ مجتہد الدین ، ڈاکٹر رحیم رامیش ، انیس ، سمیر نے مخصوص انداز میں نعتیہ کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا ۔ رات 11 بجے جلسہ و مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ عشاء کی نماز ایکمینار مکہ مسجد میں ادا کی گئی ۔ تمام حاضرین جلسہ اور مہمانوں کیلئے کھانے کاانتظام کیا گیا ۔ جلسہ و مشاعرہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔ محمد رافع متین ایڈوکیٹ ، عبدالمنان رضی ، ڈاکٹر رحیم رامیش نے تمام لوگوں کا فرداً فرداً دشکریہ ادا کیا ۔

محبوب آباد میں محسنِ انسانیت ؐکے عنوان پر جلسہ کا انعقاد
محبوب آباد 6/ستمبر(سیاست ڈسٹرک نیوز):محبوب آباد مسجد محبوبیہ، نزد MRO آفس، محبوب آباد میں جمعیت علماء محبوب آباد شاخ کے زیرِ اہتمام ’’محسنِ انسانیت حضرت محمد مصطفیٰ ؐ‘‘ کے عنوان پر ایک جلسہ منعقد کیا گیا۔جلسے سے مولانا سید ، مولانا عبدالعظیم اور دیگر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ؐ کے مختلف پہلوؤں، اخلاقِ حسنہ، انسانیت سے محبت، عدل و انصاف، اخوت و بھائی چارہ اور نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ علماء کرام نے کہا کہ نبی اکرم ؐ کی مبارک زندگی پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے اور ہمیں اپنی عملی زندگی کو آپؐ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر حافظ غنی نے تلگو زبان میں سیرتِ رسول ؐ اور آپ کی انسانیت کے لیے رحمت و شفقت کے پیغام پر مؤثر خطاب کیا۔