عہدیداروں کو چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ لائسنس کی اجرائی رجسٹریشن ، ریکارڈس اور دیگر امور کو آسان بنانے کیلئے ایکشن پلان تیار کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے محکمہ جات میں سرکاری امور کی تکمیل کو آسان بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ 7 محکمہ جات ، ریونیو ، ایکسائز ، سیول سپلائیز ، ٹرانسپورٹ ، اینرجی ، ہوم، میونسپل ایڈمنسٹریشن ، اربن ڈیولپمنٹ ، لیبر ایمپلائیمنٹ اینڈ فیکٹریز میں عہدیداروں پر کافی بوجھ ہے۔ کام کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے مختلف سب گروپ تشکیل دیئے جائیں۔ سومیش کمار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مختلف قوانین کی تفصیلات روانہ کی ہیں تاکہ تلنگانہ کے محکمہ جات اس کا جائزہ لیتے ہوئے سرکاری امور کی تکمیل کو آسان بنائیں۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی ، پرنسپل سکریٹریز سنیل شرما ، جیش رنجن ، روی گپتا ، انیل کمار اور سندیپ کمار سلطانیہ نے شرکت کی ۔