مدھیہ پردیش میں جواہر لال نہرو کا مجسمہ توڑ دیا گیا

   

بھگوا بریگیڈ کی کارستانی، 6 شرپسند گرفتار
بھوپال: ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 58ویں برسی سے دو دن پہلے بھگوا بریگیڈ کے کچھ لوگوں نے مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع میں ان کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا۔ سوشل میڈیا پر واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیدار ہوئی پولیس نے ویڈیو کی تصدیق کے بعد ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے 6 شرپسندوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بھگوا بریگیڈ لفظ کا استعمال آر ایس ایس، بی جے پی اور ان سے جڑے دیگر معاونین کے لیے کیا جاتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے واقعہ کی ویڈیو کے مطابق 6 تا5 افراد پر مشتمل ایک گروپ نے بھگوا جھنڈا لیے نہرو کے مجسمہ کے نچلے حصے کو نقصان پہنچا کر اسے تباہ کرنے کی کوشش کی، جو ضلع کلکٹریٹ کے پاس نصب ہے۔ ویڈیو میں دایاں محاذ تنظیموں سے جڑے شرپسند عناصر کو مجسمہ پر لاٹھی اور لوہے کی راڈ مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بھگوا بریگیڈ کے اراکین میں سے ایک کو نہرو کے مجسمہ کو ہتھوڑے سے توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔