وزیر ٹرانسپورٹ ‘ ڈی جی پی ‘ کمشنر پولیس و دیگر نے فضائی سروے کیا ۔ کمان کنٹرول سے سی سی کیمروں کا جائزہ
حیدرآباد : /25 ستمبر (سیاست نیوز) گنیش وسرجن کا پرامن اختتام عمل میں آیا ۔ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ پرامن گنیش وسرجن کیلئے سٹی پولیس نے 20 ہزار ملازمین کو تعینات کیا تھا جبکہ 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے ۔ پہلی مرتبہ سٹی پولیس نے 24 ڈرون کیمروں کا استعمال کیا اور رئیل ٹائم صورتحال سے واقف ہونے حساس مقامات پر انہیں تعینات کیا گیا تھا ۔ جمعہ و گنیش وسرجن ایک دن ہونے پر پولیس نے سیکوریٹی میں اضافہ کردیا تھا جبکہ تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ پرسکون ادا کی گئی اور حالات معمول پر رہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند نے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر جو انچارج وزیر بھی ہیں ، پولیس کمشنر وی سی سجنار ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور کلکٹر حیدرآباد ڈاکٹر پرینکا آلہ کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں فضائی دورہ کیا ۔ شہر اور اطراف و اکناف وسرجن جلوس کا راست طور پر مشاہدہ کیا ۔ سیکوریٹی کو یقینی بنانے پولیس اہلکار انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر بنجارہ ہلز سے 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کا راست مشاہدہ کرکے مرکزی جلوس پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھے ۔ دریں اثناء خیریت آباد گنیش جو شہر کا سب میں بڑا گنیش ہوتا ہے کا آج صبح وسرجن عمل میں لایا گیا ۔ اسی طرح بالاپور گنیش جو حیدرآباد سٹی کیلئے اہمیت کا حامل ہے بعد نماز جمعہ تاریخی چارمینار سے گزرتا ہوا وسرجن کیلئے ٹینک بنڈ پہنچا ۔ ہزاروں بھکت اس جلوس میں شامل رہے جبکہ خواتین کی سکیوریٹی کو یقینی بنانے شی ٹیم بھی تعینات کی گئی تھی ۔ آج صبح سے گنیش وسرجن کا عمل بالاپور لڈو کے ہراج سے ہوا جسے ایک تاجر ساما پرنیت ریڈی نے 39 لاکھ میں خریدا ۔ کیرتی رچمنڈ ولاس جو بنڈلہ گوڑہ جاگیر میں پاش ولاس ہے کے مقیم افراد نے گنیش لڈو کا ایک کروڑ ایک ہزار روپئے میں ہراج کیا ۔ کمشنر پولیس وی سی سجنار نے بتایا کہ انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ مربوط 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے وسرجن بندوبست کیلئے مددگار ثابت ہوئے اور عوام نے پرامن وسرجن کیلئے مکمل تعاون کیا ۔ بy/