مسجد نبویؐ میں زیارت کے اوقات اور مقامات کا اعلان

,

   

مدینہ منورہ ۔ سعودی عرب میں مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے مسجد نبو یﷺ میں روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ اطہر پر حاضری کے اوقات و مقامات متعین کیے ہیں۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ زیارت اور نماز کے لئے آنے والے اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں۔ ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ زائرین کو مقررہ راستوں سے مسجد نبویﷺ میں داخل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ باب السلام صحن نمبر ایک برائے مرد (زیارت) باب بلال صحن 38 برائے مرد ( روضہ شریفہ) ، باب عثمان صحن 24 برائے خواتین (روضہ شریفہ) مختص ہیں۔ مسجد نبوی ﷺکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ روضہ اطہر پر حاضری کے لیے روزانہ 11,880 افراد کو موقع دیا جائے گا جبکہ روضہ شریفہ میں ایک دن میں 1650 مردوں کو نماز کا موقع ملے گا۔مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ فجر، ظہر، عصر اور مغرب کی نمازوں کے بعد روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کا موقع دن میں چاربار دیا جائے گا۔ مسجد نبوی ﷺ کے بموجب خواتین کو روضہ شریفہ میں نماز کی اجازت صبح کے وقت سورج طلوع ہونے کے بعد سے لے کر ظہر کی نماز تک دی جائے گی۔ ایک دن میں 900 خواتین کو روضہ شریفہ میں نمازکا موقع میسر ہوگا۔ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے واضح کیا کہ فرض نمازوں اور جمعہ کی نمازکا اہتمام مسجد نبوی ﷺ کے کارکنان اور میت کے اعزہ تک محدود ہوگا۔ پانچوں نمازیں اور جمعہ کی نماز صرف روضہ شریفہ اور مسجد نبوی ﷺ کے پرانے حصے میں ہی اداکی جائے گی۔ مسجد نبوی ﷺ ہر روز عشا کی نماز کے بعد بند کردی جائے گی اور فجرکی نماز سے ایک گھنٹہ قبل کھولی جائے گی۔