ممبئی، 14 مئی (یو این آئی) بینکنگ، دھات (میٹل) اور فارما سیکٹرز میں خریداری کی بدولت گھریلو شیئر بازاروں میں جمعرات کے روز تیزی دیکھی گئی اور اہم انڈیکس ایک فیصد سے زائد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے ۔ بی ایس ای کا سینسیکس 789.74 پوائنٹس (1.06 فیصد) اضافے کے ساتھ 75,398.72 کی سطح پر پہنچ گیا۔ یہ مسلسل دوسرا دن ہے جب مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس بھی 277 پوائنٹس یعنی 1.18 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 23,689.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔ نفٹی مڈ کیپ-50 انڈیکس 1.17 فیصد چڑھ گیا، جبکہ اسمال کیپ-100 انڈیکس میں 0.01 فیصد کی معمولی گراوٹ دیکھی گئی۔ آئی ٹی کے علاوہ دیگر تمام سیکٹرز میں خریداری کا رجحان رہا۔ نفٹی آئی ٹی انڈیکس 1.99 فیصد گر گیا، جبکہ میٹل، فارما اور ہیلتھ کیئر سیکٹرز کے انڈیکس دو سے تین فیصد تک اوپر رہے ۔ بینکنگ، فنانس، کیمیکلز، کنزیومر ڈیورابلز اور میڈیا گروپس کی کمپنیوں میں بھی سرمایہ کاروں نے اچھی دلچسپی دکھائی۔ سینسیکس میں بھارتی ایئرٹیل کا شیئر سب سے زیادہ سوا پانچ فیصد سے زائد کی برتری کے ساتھ سرفہرست رہا۔ کمپنی کے بہترین سہ ماہی نتائج کے بعد یہ تیزی دیکھی گئی۔ ایٹرنل کا شیئر سوا تین فیصد، ایچ ڈی ایف سی بینک ڈھائی فیصد اور اڈانی پورٹس دو فیصد سے زائد کے اضافے پر رہے۔