مصر: قبل از وقت اذان مغرب لاکھوں روزہ داروں کا روزہ ٹوٹ گیا

   

قاہرہ: مصر میں کل جمعرات کو القرآن چینل پر نماز مغرب کی اذان وقت سے پہلے دیے جانے کے نتیجے میں لاکھوں روزہ دار روزہ توڑ بیٹھے۔ میڈیا کے مطابق جمعرات کو یوم عرفہ کو مغرب کی اذان وقت مقررہ سے 4 منٹ قبل دے دی گئی جسے سنتے ہی لاکھوں افراد نے روزہ کھول دیا۔اس واقعہ کے بعد حکام نے ٹی وی چینل کے عہدیداروں کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ۔تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ آیا قبل از وقت اذان کسی فنی خرابی سے نشر ہوئی یا یہ کسی شخص کی دانستہ شرارت تھی۔ تحقیقات کے بعد اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔اس واقعہ پر سوشل میڈیا پر عوام کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے قبل از وقت اذان نشر کرنے کے واقعہ کو اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وقت سے قبل اذان مغرب نشر ہونے کے نتیجے میں لاکھوں مسلمانوں کا یوم عرفہ کا نفلی روزہ ضائع ہوا۔