معیشت بحران کا شکار، 88 فیصد ہندوستانی کار خریدنے سے محروم: جے رام رمیش

   

نئی دہلی: ملک اس وقت پہلگام دہشت گرد حملے کے غم میں ڈوبا ہوا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ معیشت کے ایک سنگین مسئلے نے بھی توجہ کھینچی ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ماروتی سوزوکی انڈیا کے چیئرمین آر سی بھارگو کے بیان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ ہندوستان میں کار خریداری اب صرف ان گھرانوں تک محدود ہو گئی ہے جن کی سالانہ آمدنی بارہ لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 88 فیصد گھرانے جو اس معیار پر پورے نہیں اترتے، ان کے لیے چھوٹی کاریں تک بھی ناقابلِ رسائی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ 2023-24 اور 2024-25 کے درمیان مجموعی مسافر گاڑیوں کی فروخت میں محض دو فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور آئندہ مالی سال میں بھی صرف ایک سے دو فیصد نمو کی امید ہے، جو معیشت کی سست رفتاری کا واضح اشارہ ہے۔