مقامی اداروں کے انتخابات کیلئے محکمہ پنچایت راج کی تیاریاں

   

پرنسپل سکریٹری نے ڈی پی اوز کو انتخابی مشنری تیار رکھنے کی ہدایت دی
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ پنچایت راج کی جانب سے ریاست میں مقامی اداروں کے انتخابات کے لئے تیاریوں میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ پنچایت راج کے پرنسپل سکریٹری نے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ انتخابی ساز و سامان اکٹھا کرنے کی تیاری کریں۔ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ منڈل اور دیہی علاقوں میں پہنچ کر انتخابی مشنری کام کررہی ہے یا نہیں اس کا معائنہ کیا جائے ۔ اگر کہیں ضرورت ہوتو نئی مشنری کی خریدی کیلئے ڈپارٹمنٹ کو انڈینٹ روانہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ بی سی ریزرویشن پر موقف واضح ہو جانے کے بعد اعلامیہ جاری ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اندرون تین ماہ مقامی اداروں کے انتخابات کروانے کی حکومت کو ہدایت دی جس کے بعد تلنگانہ حکومت نے 42 فیصد تحفظات کیلئے آرڈیننس جاری کردیا ہے جو راج بھون پہنچ گیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گورنر اس آرڈیننس پر ماہرین قانون سے مشاورت کررہے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی انتخابی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ دو مرحلوں میں سرپنچ انتخابات کی رائے دہی کرانے کی عہدیداروں کی جانب سے تیاری کی جا رہی ہے ۔ پہلے ایم پی ٹی سے انتخابات منعقد ہوں گے اس کے بعد سرپنچ کے انتخابات کرانے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ماضی 2019 میں سرپنچ کے انتخابات ریونیو ڈیویژن کی سطح پر تین مرحلوں میں انجام دیئے گئے تاہم اس مرتبہ دو مرحلوں میں انتخابات کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔ 2019 میں پنچایت کے انتخابات تین مرحلوں میں ہوئے تھے ان انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کے انتخابی نشان نہیں ہوتے جس کی وجہ سے نتائج پر اس کے اثرات نہ پڑنے اندازہ کرتے ہوئے دو مرحلوں میں رائے دہی کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ 2