نئی دہلی۔ سماج وادی پارٹی کو اترپردیش اسمبلی انتخابات میں اس وقت شدید دھکہ لگا ہے جب اپرنا یادو‘ جو سابق چیف منسٹر اترپردیش ملائم سنگھ یادو کی بہو ہیں نے چہارشنبہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔
ذرائع کے بموجب اپر نا یادو نے لکھنو کنٹونمنٹ اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ مانگا ہے۔ اپرنا یادو ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بیٹے پرتیک کی بیوی ہیں۔ سال2011میں اپرنا یادو کی پرتیک یادو سے شادی ہوئی ہے۔
سال2017کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے لکھنو کنٹونمنٹ سیٹ سے مقابلہ کیاتھا مگر انہیں بی جے پی ریٹا بھوگانا جوشی نے شکست دی تھی۔ انہوں نے 63,000ووٹ لئے تھے۔
واضح رہے کہ وہ ایک تنظیم ’بی اویر‘ چلاتی ہیں جو خواتین کی بہبود کے لئے کام کرتی ہے۔ لکھنو میں وہ ایک گائیوں کا شیلٹر بھی چلاتی ہیں۔ ماضی میں انہوں نے ریاست میں بی جے پی کے کاموں کی ستائش کی اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے11لاکھ روپئے کا چندہ بھی دیاتھا۔
اترپردیش کی 403اسمبلی سیٹوں کے لئے فبروری10سے سات مراحل کی رائے دہی شروع ہوگی۔
اترپردیش میں رائے دہی فبروری کی 10‘14‘20‘23‘27اور مارچ 3اور 7سات مراحل میں مقرر ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے 10مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔