ملازمین کے حقوق کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی

   

سنگاریڈی میں 27 اگست کو مہا دھرنا کامیاب بنانے کی اپیل، ٹی این جی اوز کا اجلاس، متحدہ جدوجہد پر زور
سنگا ریڈی 21 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی میں تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 27 اگست کو منعقد ہونے والے مہا دھرنے کو کامیاب بنانے کے لیے سنگاریڈی ضلع ٹی جی ای جے اے سی کے زیرِ اہتمام ٹی این جی اوز یونین بھون، سنگاریڈی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کے دیرینہ مسائل، زیرِ التوا مطالبات اور مہا دھرنے کو کامیاب بنانے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ٹی جی ای جے اے سی کے چیئرمین جاوید علی نے کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے مہا دھرنا منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایس ختم کرکے او پی ایس بحال کرنے، پی آر سی کے نفاذ، ای ایچ ایس کو مزید مستحکم کرنے سمیت دیگر اہم مسائل کے حل کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا ضروری ہے۔ انہوں نے ضلع بھر کے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ 27 اگست کو بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مہا دھرنے کو کامیاب بنائیں۔جاوید علی نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کو حکومت کے علم میں لانا اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کرنا ٹی جی ای جے اے سی کا بنیادی مقصد ہے۔ ملازمین کے جائز حقوق اور مطالبات کے حصول کے لیے تمام ملازم تنظیموں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔بعد ازاں ٹی جی ای جے اے سی کے قائدین نے ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی سے ملاقات کرکے مہا دھرنے سے متعلق درخواست پیش کی۔ انہوں نے دھرنے کے لیے ضروری اجازت، پولیس بندوبست اور دیگر انتظامات میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔اس موقع پر ٹی جی ای جے اے سی کے سکریٹری جنرل ویدیا ناتھ اور کو-چیئرمین گنگادھر نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے متحدہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ملازمین، مختلف تنظیموں کے قائدین اور نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ 27 اگست کو بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مہا دھرنے کو کامیاب بنائیں۔اجلاس میں مہا دھرنے کی کامیابی کے لیے ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلانے اور ملازمین کو منظم کرکے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف ملازم تنظیموں کے قائدین اور نمائندوں نے شرکت کی۔