ملزمین کو پولیس تحویل کی درخواست پر آج سماعت

   

حیدرآباد 2 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) ایک عدالت نے پولیس کی جانب سے ایک خاتون ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے چار ملزمین کو 10 دن پولیس تحویل میں دینے کی درخواست پر سماعت کل منگل کو مقرر کی ہے ۔ اس دوران تلنگانہ بھر میں ملزمین کو سخت ترین سزائیں دلانے کیلئے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ شاد نگر عدالت نے شاد نگر بار اسوسی ایشن کی جانب سے ملزمین کی عدالت میں پیروی نہ کرنے کے فیصلے کے بعد چاروں ملزمین کو نوٹسیں جاری کرنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔ سائبر آباد پولیس نے ملزمین کی تحویل میں تفتیش کیلئے عدالت میںدرخواست دائر کی ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کو مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے بھی اس کیس کی اب تک کی پیشرفت کا کل ایک اجلاس میں جائزہ لیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ مقررہ وقت میں تحقیقات کو مکمل کرکے خاطیوں کو سخت ترین سزائیں دلانے کی کوشش کی جائے ۔