ملکاجگری میں ڈگری اور میڈیکل کالج کے قیام کا وعدہ

,

   

کے سی آر کے غرور کو توڑ نے کا وقت آگیا ہے ۔ اپل حلقہ میں جلسہ سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے شعلہ بیان مقرر و امیدوار ملکاجگیری مسٹر ریونت ریڈی نے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آمرانہ طرز حکومت ملک کے سیکولر اقتدار اور عوام کیلئے خطرہ ہے ۔ انہوں نے آج حلقہ اسمبلی اپل میں جلسہ کو مخاطب کیا اور عہد کیا کہ وہ عوامی خدمات کیلئے خود کو وقف کردیں گے ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ حلقہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات محنت کرینگے اور عوام کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کے سی آر کی جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں ۔ نظام نواب اور رضاکاروں کے خلاف جدوجہد سے جو آزادی تو حاصل ہوئی تھی اب کے سی آر کا طرز عمل اس کو چھین رہا ہے اور اگر اب ہم خاموش رہتے ہیں تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ 20 دن 20 برسوں کی ضمانت ہیں ۔ ان 20 ایام میں اگر کے سی آر کے غرور کو نہیں توڑا جاتا ہے اور خاموشی اختیار کی جاتی ہے تو غلامی ہمارا انتظار کررہی ہے ۔ انہوں نے کے سی آر غرور کو توڑنے اور تلنگانہ میں خوش سماج کے قیام کیلئے عوام کو کانگریس کو مضبوط کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے حلقہ ملکاجگیری کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کی اور موجودہ مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا ۔ اور کہا کہ حلقہ میں ڈگری و میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔