کانگریس کے نئے صدر دفتر اندرا بھون کے افتتاح پر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کا بیان
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی نے کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر کو سیکولرازم، جمہوریت اور سماجی انصاف کی بنیاد پر قائم پائیدار جامع ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت ہماری اقدار کی عکاسی کرتی ہے ۔ کھرگے اور راہول گاندھی نے آج کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیانات جمہوریت مخالف اور آئین کے مخالف ہیں۔ لیکن وہ یہ جانتے ہیں کہ اس ملک کی بنیاد ہم آہنگی، امن اور اتحاد پر ہے اور وہ اس نظریے کا علمبردار ہے جو مہاتما بدھ، گرو نانک اور بھگوان کرشن نے پیش کیا تھا۔کھرگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا نیا ہیڈکوارٹر اندرا بھون جمہوریت، قوم پرستی، سیکولرازم، جامع ترقی اور سماجی انصاف کی بنیاد پر بنایا گیا ہے ۔ کانگریس کی 140 سالہ شاندار تاریخ کی علامت، یہاں کی دیواریں سچائی، عدم تشدد، ایثارو قربانی، جدوجہد اور حب الوطنی کی عظیم داستان بیان کرتی ہیں۔راہول نے کہا کہ ہم اپنے نئے ہیڈکوارٹر کا افتتاح ایک بہت اہم وقت پر کر رہے ہیں۔ یہ بہت علامتی ہے ۔ یہ عمارت کوئی عام عمارت نہیں ہے ۔ یہ ہمارے ملک کی مٹی سے نکلا ہے اور لاکھوں لوگوں کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ کانگریس پارٹی ہمیشہ مخصوص اقدار کے لیے کھڑی رہی ہے اور ہم ان اقدار کو اس عمارت میں جھلکتے دیکھ سکتے ہیں۔ ہمارا آئین تحریک آزادی کی جدوجہد کا ثمر تھا۔راہول نے کہا کہ یہ عمارت ہمارے کارکنوں کے خون سے اور ہمارے ہر لیڈر کے خون سے بنی ہے ۔ اس میں آپ سب شامل ہیں جو کانگریس پارٹی کے نظریات کا دفاع کر رہے ہیں۔ یہاں کانگریس کے نظریات کا دفاع کرتے ہوئے سب کو سنگین حملے کا سامنا ہے لیکن یہ لوگ بی جے پی اور آر ایس ایس کے سامنے ہتھیار نہیں ڈال رہے ہیں۔ کانگریس کے نظریہ پر یقین رکھنے والے لوگ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اسی طرح یہ عمارت ہمارے ملک کی مٹی سے ہمارے لیڈروں اور ہمارے کارکنوں کے خون سے نکلی ہے ۔ اس عمارت کے پیچھے کا نظریہ بھی ہمارے ملک کے کونے کونے تک پہنچنا چاہیے ۔ اس عمارت کے اندر موجود نظریات ہمارے ملک کے کونے کونے ، تمل ناڈو، کشمیر، شمال مشرق، گجرات، انڈمان نکوبار اور لکشدیپ وغیرہ تک پہنچ گئے ۔ اسی نظریہ کو ہمارے ملک کے کونے کونے میں پھیلایا جانا چاہیے ۔