ممبئی: مایا نگری ممبئی کو یہ شرف حاصل ہے کہ جس طرح سے سال نو کا جشن یہاں منایا جاتا ہے شاید ہی ملک کے کسی شہر میں منایا جاتا ہو لیکن ملک میں چھائی معاشی بدحالی کے سبب 31؍دسمبر کی رات کو منائے جانے والا یہ جشن ممبئی میں امسال پھیکا نظر آیا اور اس کے جشن کے دوران وہ رونقیں اور وہ سرگرمیاں نہیں دکھائی دیں جو گزشتہ کئی سالوں سے نئے سال کے استقبال کا حصہ ہوا کرتی تھی ۔معاشی بدحالی کا یہ عالم رہا کہ ممبئی میں جو شراب خانے اور ہوٹلیں 31ڈسمبرسے قبل نئے سال کے جشن کیلئے جو رقم مقرر کرتی تھی امسال اس میں تخفیف کر کے اسے نصف داموں پر لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس کے باوجود بھی جشن پھیکا ہی رہا ۔ اپنی نوعیت کے منفرد طور پر منائے جانے والے عروس البلاد کے جشن کا آغاز غروب آفتاب کے بعد ہی شروع ہو گیا ۔نوجوان لڑکے لڑکیاں اور دیگر عمر کے افراد کو نئے لباس زیب تن کیئے ہوئے شہر کی مختلف تفریح گاہوں ، ہوٹلوں اور شراب خانوں میں دیکھا گیا ۔سرد ہواوں کے جھونکوں میں منائے جانے والا سال نو کے جشن کے موقع پر ممبئی پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیئے تھے اور جگہ جگہ شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کیئے جانے کے علاوہ ناکہ بندی بھی کی گئی تھی ۔سب سے زیادہ لوگ گرگام چوپاٹی، باندرہ ، ورلی سی لنک اور گیٹ وے آف انڈیا پر نظر آئے ۔