ممبئی: ممبئی پولیس سے متعلق حال ہی میں یہ حیران کن خبر سامنے آئی ہے کہ 2 کروڑ سے زائد کی آبادی والی ملک کی معاشی راجدھانی میں عوام کی حفاظت کے لیے تعینات پولیس اہلکاروں کی زبردست قلت ہے۔ شہر میں 12 ہزار سے زائد پولیس کے عہدے خالی ہیں، جس میں سب سے زیادہ تعداد کانسٹیبل درجے کے پولیس اہلکاروں کی ہے۔ یہ معلومات ایک آر ٹی آئی کارکن انل گلگی کے ذریعہ سامنے آئی ہے، جنہوں نے ممبئی پولیس کمشنریٹ سے ممبئی پولیس میں منظور شدہ اور خالی عہدوں کی معلومات طلب کی تھی۔ اس معلومات میں بتایا گیا کہ کمشنر کے عہدے سے لے کر کانسٹیبل تک کے تقریباً 12 ہزار 899 عہدے خالی ہیں۔ یہ معلومات 30 نومبر 2023 تک کی ہے جو اسسٹنٹ پولیس کمشنر ونود کامبلے کے ذریعہ دی گئی ہے۔