ممبئی کے بی کے سی میں میٹرو کام کے دوران بڑا حادثہ ٹل گیا

   

ممبئی ، 15 اپریل (یو این آئی) ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں چہارشنبہ کی علی الصبح میٹرو لائن 2 بی کے تعمیراتی کام کے دوران ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، جب ایک بھاری بھرکم کرین اچانک گر گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔ یہ واقعہ صبح تقریباً 4:30 بجے ایشین ہارٹ اسپتال کے قریب اس وقت پیش آیا جب کنٹریکٹر جے کمار انفراپروجیکٹس لمیٹڈ کی جانب سے رات کے وقت تعمیراتی کام جاری تھا۔ حکام کے مطابق 400 ٹن وزنی موبائل کرین ایک پری کاسٹ بیم اٹھانے کے دوران اچانک بے قابو ہو کر سڑک پر گر گئی۔ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے ) کے ابتدائی بیان کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ کرین کے لفٹنگ بوم میں میکانکی یا گیئر کی خرابی بتائی جا رہی ہے ، جس کے باعث وزن اچانک ایک طرف منتقل ہوا اور کرین کا توازن بگڑ گیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق دو کرینوں کے درمیان وزن کی منتقلی کے دوران بھی عدم توازن پیدا ہوا ہو سکتا ہے ۔ صبح کی اولین ساعتوں کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔