ممبئی کے شیواجی پارک پر احتجاج کی اجازت سے انکار

,

   

2 اکتوبر کو جیل بھرو آندولن ‘کاکروچ جنتا پارٹی کا اعلان

ممبئی۔یکم ؍ اکتوبر ( ایجنسیز )ممبئی پولیس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور انتخابی اصلاحات کے مطالبہ پر 2 اکتوبر کو شیواجی پارک میں مجوزہ احتجاج کیلئیکاکروچ جنتا پارٹی کو اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ CJP کے بانی ابھجیت ڈپکے نے کہا ہے کہ اگر پولیس نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو پارٹی ممبئی میں جیل بھرو آندولن شروع کرے گی۔ 2 اکتوبر کو احتجاج کی اجازت نہیں دینا شہریوں کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے اور ایسی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ڈپکے کے مطابق پارٹی نے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن سے شیواجی پارک میدان میں احتجاج کرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم پولیس نے یہ کہتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کردیا کہ میدان کا استعمال جلسوں کے لیے ہے احتجاج کیلئے نہیں۔ڈپکے نے کہا ہے کہ اگر احتجاج کے حق سے محروم کیا گیا تو CJP گاندھی جینتی کے موقع پر ممبئی میں جیل بھرو آندولن کرے گی۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں تحریری طور پر اجازت مسترد کیے جانے کا نوٹس دینے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے اسے قبول نہیں کیا۔یہ پیش رفت اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں CJP نے کہا تھا کہ اگر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوتے تو پارٹی 2 اکتوبر، گاندھی جینتی کے موقع پر ممبئی سے ملک گیر احتجاج شروع کرے گی۔علاقہ میں سخت سکیوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔