ممنوعہ کرد تنظیم پی کے کے تحلیل

   

انقرہ ۔ 13 مئی (ایجنسیز) ممنوعہ کرد تنظیم پی کے کے نے کہا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ عشروں کے تنازعہ کے بعد ’اپنا تاریخی مشن مکمل کرنے کے قریب ہے‘۔ برسوں سے جیل میں قید اس تنظیم کے رہنما عبداللہ اوجلان نے حال ہی میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔ کردوں کی اس کالعدم عسکریت پسند تنظیم کے قریبی خبر رساں اداروں نے پیر 12 مئی کے روز اطلاع دی کہ کردستان ورکرز پارٹی (PKK) جلد ہی اپنی کارروائیاں بند کر دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ترکی میں کرد نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی کردوں کے لیے خود مختاری کی حامی یہ تنظیم ترک حکومت اور فوج کے خلاف قریب چار دہائیوں تک مسلح کارروائیاں کرتی رہی ہے۔ کرد نواز خبر رساں ادارے اے این ایف کی طرف سے جاری کردہ کردستان ورکرز پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بارہویں پی کے کے کانگریس نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو تحلیل کرنے اور اس کے مسلح جدوجہد کے طریقہ کار کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔