مہاراشٹرا کی ندی میں 3000 گیس سلنڈربہہ گئے

,

   

سیلاب کے پانی میںجان پر کھیل کر سلنڈر حاصل کرنے مقامی عوام کا ہجوم ‘انتظامیہ کی وارننگ

رائے گڑھ ۔9؍جولائی ( ایجنسیز )مہاراشٹراکے ضلع رائے گڑھ میں مسلسل موسلادھاربارش نے معمولاتِ زندگی کوبری طرح متاثرکردیا ہے۔ ندیوں میں طغیانی اورکئی علاقوں میں شدید پانی بھرنے سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پاتال گنگا ندی میں ہزاروں ایل پی جی سلنڈرس تیزبہاؤکے ساتھ تیرتے ہوئے نظرآئے۔ مقامی لوگوں کا ہجوم اپنی جان خطرے میں ڈال کربہتے ہوئے سلینڈروں کونکالنے کی کوشش کرتے دکھائی دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈکے کھالاپورواقع ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ سے تقریباً 3 ہزارگیس سلنڈرسیلاب کے پانی میں بہہ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان میں کچھ سلینڈربھرے ہوئے ہیںجبکہ کچھ خالی تھے۔ ابتدائی جانچ کے مطابق چاوَنے (پاتال گنگا) میں واقع مہاراشٹرا انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے گودام میں شدید بارش کے باعث اچانک پانی بھرگیا۔ پانی کے بہاوکی شدت اس قدرتیزتھی کہ حفاظتی دیوارکوپارکرکے سلنڈرپاتال گنگا ندی میں بہہ گئے۔کئی لوگ رسّی، بانس اورلوہے کے ہک کی مدد سے پانی میں بہتے سلنڈروں کوباہر نکالنے کی کوشش کرتے رہے۔ بعض افراد خطرناک سیلابی بہاؤکے باوجود دریا کے قریب پہنچ گئے تاکہ بہتے ہوئے سلینڈروں پرقبضہ کرسکیں۔ واقعہ کے بعد رائے گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگرکسی کودریا سے ایل پی جی سلینڈرملے ہیں تووہ انہیں اپنے پاس رکھنے کے بجائے فوری طورپرمتعلقہ تحصیلدارکے دفتریا ایچ پی سی ایل کے مجازڈیلرکے حوالے کردیں۔ انتظامیہ نے خبردارکیا ہے کہ گیس سلینڈرانتہائی حساس اورآتش گیراشیا میں شامل ہیں، اس لئے انہیں گھروں میں رکھنا کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ پورے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اوربہہ جانے والے سلینڈروں کی بازیابی کیلئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔