نئی دہلی ۔18 مئی (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں پیش آئے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ مودی نے کہا کہ اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں پیش آئے حادثہ کے بارے میں سن کر گہرا دکھ ہوا ہے ۔ ان لوگوں کے ساتھ میری تعزیت ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ۔ دعا ہے کہ زخمی جلد از جلد صحت یاب ہوں۔وزیراعظم نے وزیراعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے امداد کا بھی اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق ہر متوفی شخص کے قریبی رشتہ دار کو 2 لاکھ روپے ، جبکہ زخمیوں کو مالی امداد کے طور پر 50,000 روپے دیئے جائیں گے ۔ رپورٹوں کے مطابق یوپی کے لکھیم پور کھیری ضلع میں آج صبح ایک سڑک حادثے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ۔ ایک تیز رفتار ٹرک مخالف سمت سے آنے والی میجک گاڑی سے آمنے سامنے ٹکرا گیا۔
میجک گاڑی میں دو خواتین سمیت دس افراد سوار تھے ۔ یہ حادثہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 40 کلومیٹر دور پیلی بھیت۔بستی شاہراہ پر عدلیس پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔