موٹاپے پر قابو پانے کی صنعت 2.15 لاکھ کروڑ مالیتی ہوجائے گی

   

ملک میں موٹاپے سے متاثر مرد و خواتین کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ، دنیا کی 38 فیصد آبادی موٹاپے سے پریشان
حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) دنیا کی آبادی 8.20 ارب تک پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی انسان مختلف امراض کا شکار بھی ہوتا جارہا ہے اور ان بیماریوں کے لئے وہ خود ہی ذمہ دار ہے۔ مثال کے طور پر آرام دہ زندگی، باہر کے کھانے کو ترجیح دینا، وقت بہ وقت کچھ نہ کچھ کھاتے پیتے رہنا، حد سے زیادہ چاکلیٹس، آئسکریم اور مٹھائیوں کا استعمال، بے ڈھنگی زندگی، رات دیر گئے جاگتے رہنا، موبائیل فون پر زیادہ تر وقت گزارنا، کسرت سے جی چرانا، چہل قدم سے گریز کرنا، رات میں جاگنا اور دن میں سوتے رہنا یہ تمام ایسی وجوہات ہیں جس سے لوگ بلڈ پریشر، شوگر، تھائرائیڈ اور سب سے زیادہ موٹاپے سے متاثر ہورہے ہیں۔ اس معاملہ میں اگرچہ خواتین آگے دکھائی دیتی ہیں لیکن مرد بھی خواتین سے پیچھے نہیں ہیں۔ ایک مرتبہ کوئی مرد یا خاتون موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں تو پھر وہ موٹاپے کو دور کرنے کی خاطر لاکھ جتن کرتے ہیں، غذاؤں سے پرہیز کرتے ہیں، کھانے پینے کے معاملہ میں احتیاط برتتے ہیں، مختلف ادویات کا استعمال کرتے ہیں، اس کے باوجود وہ اپنی سابقہ حالت میں پوری طرح سے واپس نہیں آسکتے جبکہ تھوڑی سی غفلت تھوڑی سی لاپرواہی کے باعث موٹاپے کا شکار ہونے والے مرد و خواتین لاکھوں روپئے خرچ کررہے ہیں۔ موٹاپا کو کم کرنے یا موٹاپے سے چھٹکارا دلانے والا شعبہ اب ایک بڑی صنعت کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ آب کو بتادوں کہ جسمانی وزن کے نظم سے متعلق مارکٹ یا Weight Management مارکٹ کا حجم سال 2022 ء میں 1.72 لاکھ کروڑ روپئے مالیتی تھا اور اُمید کی جارہی ہے کہ 2028 ء میں یہ بڑھ کر 3.15 لاکھ کروڑ روپئے مالیتی ہوجائے گا۔ دی ویک کے ہیلتھ سپلیمنٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے۔ اس سپلیمنٹ میں کئی ایسی لڑکیوں اور مرد و خواتین کے بارے میں تفصیلات بتائی گئیں جو اپنا موٹاپا کم کرنے جان توڑ کوششوں میں مصروف ہے اور جنھوں نے اپنی ان کوششوں کو کامیاب بنانے 3 تا 5 لاکھ روپئے خرچ کردیئے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ 2022 ء سے چونکہ ہندوستان میں موٹاپے سے متاثر لوگوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے ایسے میں ہیلتھ کلبس، انسداد موٹاپا ڈرکس مارکٹس میں ادویات گولیوں اور انجکشن و مشروبات کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ان ادویات انجکشن وغیرہ کا موٹاپے کے گریڈ 3 مرحلہ میں پہنچنے والے مرد و خواتین کی جانب سے استعمال دگنا ہوگیا ہے۔ آپ کو بتادیں کہ اگر دنیا احتیاط نہ برتے تو پھر 2035 ء تک دنیا کی نصف آبادی موٹاپے سے متاثر ہوگی۔ ورلڈ اوبیسی فیڈریشن کے مطابق فی الوقت دنیا کی 38 فیصد آبادی (2.6 ارب لوگ) موٹاپے سے متاثر ہیں۔