مہاراشٹرا میں حکومت بنانے کانگریس کی منظوری کا آج فیصلہ

,

   

سونیا گاندھی اور شیوسینا صدر اودھو ٹھاکرے کے درمیان ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس
نئی دہلی 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ورکنگ کمیٹی نے مہاراشٹرا میں حکومت سازی کے لئے فیصلہ کرنے کے لئے پارٹی کو اختیارات دیئے ہیں۔ این سی پی اور شیوسینا کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کرنا کانگریس کے اختیار میں ہے۔ پارٹی کی اعلیٰ فیصلہ ساز کمیٹی نے مہاراشٹرا کے سیاسی منظر پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی زیرقیادت 10 جن پتھ رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شیوسینا کے ساتھ مل کر کانگریس اور این سی پی کو حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا اختیار حاصل ہے۔ اجلاس کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ کانگریس ورکنگ کمیٹی میں چہارشنبہ کے روز نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ ہوئی بات چیت سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔ کانگریس ذرائع نے کہاکہ مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کے لئے قطعی فیصلہ کل ہونے کی توقع ہے۔ سی ڈبلیو سی نے وسیع بنیادوں پر اتفاق کیاکہ شیوسینا اور این سی پی کے ساتھ حکومت بنائی جائے۔ کانگریس اور این سی پی کے درمیان منعقد ہوئی اور شیوسینا کے ساتھ قطعی ملاقات ممبئی میں کل ہوگی۔ مہاراشٹرا میں حکومت بنانے کا فیصلہ کل ممبئی میں ہی کیا جائے گا۔ شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے اِس اعتماد کا اظہار کیاکہ دونوں پارٹیاں مل کر کانگریس کے ساتھ سمجھوتہ کریں گی۔ اُنھوں نے کل ہی صدر این سی پی شردپوار سے ملاقات کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاراشٹرا میں حکومت بنانے کا فیصلہ ایک دو دن میں ہوجائے گا۔ ڈسمبر سے قبل مہاراشٹرا میں ایک نئی حکومت تشکیل پائے گی۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ اِس ہفتے صدرکانگریس سونیا گاندھی اور صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے کے درمیان کسی بھی ملاقات کا امکان نہیں ہے۔ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے کانگریس اور این سی پی کے سینئر قائدین سے ملاقات کے بعد توقع ظاہر کی کہ تینوں پارٹیوںکے مشترکہ اتحاد سے بننے والی حکومت ’مستحکم‘ ہوگی۔ کانگریس قائد نے توقع ظاہر کی کہ مہاراشٹرا میں سیاسی غیر یقینی بہت جلد ختم ہوجائے گی۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے شیوسینا کے ساتھ اتحاد کرنے سے متعلق واضح بیان دیا ہے اور زور دے کرکہا ہے کہ مہاراشٹرا میں اِن تین پارٹیوں کے بغیر حکومت تشکیل نہیں پاسکتی۔ کانگریس اور این سی پی کے اتحاد کے ساتھ جاری کردہ یہ بیان اہمیت کا حامل ہے۔ اب تک دونوں پارٹیوں نے حکومت بنانے کے لئے شیوسینا کے ساتھ اپنے اتحاد کا اظہار نہیں کیا تھا لیکن اب اِس اتحاد کو قطعیت دی جارہی ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر نے چہارشنبہ کے دن کہا تھا کہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ 30 نومبر سے قبل حکومت تشکیل دی جانے کی توقع ہے۔