مہاراشٹر کے وزیر زراعت کو 2 سال قید اور 50 ہزار جرمانہ

   

ممبئی :مہاراشٹر اکے وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کیلئے مشکلات میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب عدالت نے انھیں ایک معاملے میں 2 سال قید کی سزا سنا دی۔ اجیت پوار گروپ کے این سی پی لیڈر مانک راؤ اور ان کے بھائی سنیل کوکاٹے کو ناسک ضلع کورٹ نے 2 سال قید کے ساتھ ساتھ 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔مانک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی کے خلاف 1995 میں دستاویزات سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انھوں نے 30 سال قبل دستاویز سے چھیڑ چھاڑ اور دھوکہ دہی کی تھی۔ سابق وزیر تکارام دگھولے نے ان کے خلاف عرضی داخل کی تھی۔اس کے بعد اب ناسک ضلع کورٹ نے مانک راؤ کوکاٹے کے خلاف فیصلہ سنایا ہے۔مانک راؤ کوکاٹے مہاراشٹرا کے مشہور لیڈر ہیں۔ وہ سنّر سے رکن اسمبلی ہیں۔ 67 سالہ مانک راؤ اپنے تعلیمی ریکارڈ کے مطابق گریجویٹ پروفیشنل ہیں۔ ان کے پاس مجموعی طور پر 48.4 کروڑ روپے کی ملکیت ہے جس میں 17.3 کروڑ روپے کی منقولہ اور 31.1 کروڑ روپے کی غیر منقولہ ملکیت ہے۔