30 کروڑ کے مصارف ، محکمہ دفاع کے اعتراض پر تعمیر میں تاخیر
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مہدی پٹنم میں پیدل راہروں کی پریشانیاں بہت جلد ختم ہوجائیں گی ۔ مہدی پٹنم کے علاقہ میں ہمیشہ ٹریفک مسائل رہا کرتے ہیں ۔ بالخصوص پیدل چلنے والے عوام کے مسائل کو دور کرنے کے لیے ایچ ایم ڈی اے نے 34 کروڑ روپئے کے مصارف سے 380 میٹر لمبائی پر مشتمل ’ اسکائی واک ‘ تعمیر کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں مہدی پٹنم کا شمار ہوتا ہے ۔ ریتو بازار کے اطراف میں بنیادوں کے ساتھ پہلے ہی پلرس تعمیر کردئیے گئے ہیں ۔ آصف نگر ، گڈی ملکا پور جنکشن سے ٹولی چوکی کی طرف جانے والی سڑک کے راستے میں پلرس پر اسٹیل سے تیار کردہ ڈیکس لگائے جارہے ہیں ۔ تاہم پی وی ایکسپریس وے کے اوپر تعمیر کئے جانے والے فٹ اوور برج کو اسکائی وے سے جوڑنا ہے ۔ جس پر محکمہ دفاع نے اعتراض کیا ہے ۔ جس پر کاموں کی انجام دہی میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے ۔ پی وی ایکسپریس وے کے ایک جانب کو چھوڑ کر باقی (U) شکل والے کاموں کو ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے تیزی سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ محکمہ دفاع سے مکمل اجازت مل جاتی ہے تو آئندہ 3 تا 4 ماہ میں مہدی پٹنم کا اسکائی واک تعمیر ہوجائے گا ۔ اس کے بعد عوام کو دستیاب ہوجائے گا ۔۔ ن