مالی بحران اور معاشی تنگدستی سے بی جے پی قائد کی خودکشی، مرکزی حکومت کے ترقی کے دعوے کھوکھلے ثابت
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) ملک میں مثالی ترقی اور عام شہریوںکی معاشی حالت کو بہتر بنانے کی دعویدار بی جے پی حکومت دراصل اپنے بے بنیاد دعوؤں سے حقیقت کو چھپارہی ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے پریشان ملک کا ایک بڑا طبقہ ان دنوں شدید پریشانی کا شکار ہے۔ خود بی جے پی پارٹی سے وابستہ قائدین اور کارکنان ہی مالی بحران سے پریشانی میں پڑے ہوئے ہیں اور لاکھوں کوششوں کے باوجود حالت میں سدھار نہ ہونے پر وہ خودکشی کررہے ہیں اور خودکشی کرنے والوں کا تعلق بھی بی جے پی سے پایا جاتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ ان دنوں شمالی ہند ریاست میں پیش آیا۔ شمالی ہند میں اپنا دبدبہ رکھنے والی بی جے پی کے قائد نے مالی پریشانی سے خودکو گولی مارلی۔ اس واقعہ نے بی جے پی قائدین کی بے چینی اور پریشانی کو آشکار کردیا ہے۔ ان دنوں پورے ملک میں چھوٹے تاجر اور کاروباریوں کے علاوہ عام شہری بہت زیادہ مالی بحرانی کا شکار بنتا جارہا ہے۔ گریڈ کائلاش ون علاقہ کے ساکن بی جے پی قائد کرن بنکا نے گذشتہ روز اپنے مکان میں خود کو گولی مارلی، کرن بنکا شدید بدحالی پریشانی کا شکار تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مقامی پولیس نے خود اس بات کی تصدیق کردی جو کرن بنکا کے انتہائی اقدام کی تحقیقات کررہی ہے۔ کرن بنکا علاقہ کے سرگرم بی جے پی قائد تھے۔ ان کے اس اقدام سے مقامی پارٹی کیڈر میں سخت ناراضگی پیدا ہوگئی۔ مالی پریشانیوں اس قدر بڑھتی جارہی ہیں کہ انسان اب اپنی زندگی کو ختم کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ ملک کی ترقی اور معاشی خوشحالی کی دعویدار بی جے پی کے بے بنیاد دعوؤں سے عوام تنگ آچکے ہیں اور ایسا ظاہر ہورہا ہیکہ حالات پارٹی کے کیڈر میں خود بے چینی کا سبب بن چکے ہیں۔ گذشتہ چند سالوں سے ملک میں غریب اور غریب تر ہوتا جارہا ہے۔ بیروزگاری ایک بڑی بیماری کی طرح پھیلتی جارہی ہے اور اس کی روک تھام کیلئے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں بلکہ ہر طرف محض دعوے اور بے بنیاد اعدادوشمار عوامی برہمی کا سبب بن رہے ہیں۔ افسوس کے مرکزی حکومت ایسے واقعات کی روک تھام اور اس کے تدارک کیلئے اقدامات کرنے کے بجائے عوام کو دھوکہ میں رکھتے ہوئے حکومت کرنے کے الزامات کا سامنا کررہی ہے۔ مالی بحران اور معاشی تنگدستی نے اب بی جے پی کو بھی اپنے گھیرے میں لے لیا ہے۔ ماہرین کے مطابق موجودہ حالات سیاسی تبدیلی کا سبب بھی بن چکے ہیں چونکہ عوام دو وقت کی روٹی اور پرسکون وپرامن زندگی گذارنے کو اہمیت دے رہے ہیں اور عوام کو اس طرح کا ماحول فراہم کرنے میں موجودہ مرکزی حکومت ناکام ہورہی ہے۔ع