میسور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مزید 92 جائیدادیں ضبط

   

چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا سے متعلق کیس میں ای ڈی کی کارروائی

نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے بنگلورو علاقائی دفتر نے وزیراعلیٰ سدارامیا اور دیگر کے خلاف میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (موڈا) کے ذریعے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں 92 غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا ہے ۔ اس تحقیقات میں اب تک 400 کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیدادوں کی ضبطگی ہو چکی ہے ۔ای ڈی کی منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے )، 2002 کے پروژن کے تحت ضبطگی کی ابتدائی کارروائی پیر کو کی گئی۔ ان جائیدادوں کی مالیت تقریباً 100 کروڑ روپے لگائی گئی ہے ۔ یہ جائیدادیں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور ایسے افراد کے نام پر رجسٹرڈ ہیں جو موڈا (میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے افسران اور کچھ بااثر شخصیات کے فرنٹ مین (چہرے کے طور پر) کام کر رہے ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی اس معاملے میں پہلے ہی 160 پلاٹس کی قرقی (ضبطی) کر چکی ہے ، جن کی مالیت تقریباً 300 کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے کرناٹک لوک آیوکت پولیس کی میسور یونٹ کی جانب سے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور دیگر کے خلاف تعزیرات ہند 1860 اور انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی مختلف دفعات کے تحت درج ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر منی لانڈرنگ کے پہلو کی جانچ شروع کی ہے ۔پریس ریلیز کے مطابق ای ڈی کی تحقیقات میں مختلف قوانین اور سرکاری احکامات/رہنما خطوط کی خلاف ورزی اور دھوکہ دہی کے ذریعے موڈا کی سائٹس (زمینوں) کی الاٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر گھپلے کا انکشاف ہوا۔ ای ڈی کی تحقیقات میں غیر اہل اداروں/افراد کو معاوضے کی زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں موڈا کے کئی سابق کمشنرز کاکردار سامنے آیا ہے ، جن میں جی ٹی دنیش کمار کا نام بھی شامل ہے ۔

مجرم وکیل کی سزا کم کرنے سے عدالت کا انکار
نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی) سپریم کورٹ نے دہلی کی ایک خاتون جج کے ساتھ توہین آمیز سلوک کے مجرم وکیل کی سزا کم کرنے سے انکار کر دیا اور درخواست گزار کو خودسپردگی کیلئے دو ہفتوں کا وقت دیا۔ وکیل نے اکتوبر 2015 میں قومی راجدھانی میں ایک خاتون جج کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے میں 18 ماہ کی قید کی سزا کو چیلنج کیا تھا۔جسٹس پی کے مشرا اور جسٹس منموہن کی بنچ نے سخت تبصروں کے ساتھ درخواست گزار وکیل سنجے راٹھور کی سزا کم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔بنچ کی جانب سے جسٹس منموہن نے کہا کہ اگر اس طرح کے (وکیل کے ) سلوک کے خلاف سخت موقف اختیار نہ کیا گیا تو خواتین عدالتی افسران کیلئے محفوظ کام کا ماحول یقینی نہیں بنایا جا سکے گا۔
وکیل راٹھور نے دہلی ہائی کورٹ کے 26 مئی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں انہیں نچلی عدالت کے مجرم قرار دینے کو درست ٹھہرایا گیا تھا۔ تاہم، ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے سزا کے حکم کو اس حد تک ترمیم کیا کہ مجرم وکیل کو دی گئی تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی، نہ کہ ترتیب سے ۔نچلی عدالت نے وکیل راٹھور کو قصوروارٹھہرایا اور تعزیرات ہند کی دفعہ 509 کے تحت 18 ماہ کی عام قید، دفعہ 189 ( اور دفعہ 353 کے تحت تین تین ماہ کی سزا سنائی تھی۔