نئی دہلی، 05 نومبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو 2014 کے بعد ملک میں میٹرو ریل نیٹ ورک کی تیز رفتار توسیع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو کا آپریشنل نیٹ ورک پانچ شہروں میں 248 کلومیٹر سے بڑھ کر 26 شہروں میں تقریباً 1200 کلومیٹر تک پہنچ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ایک کروڑ سے زیادہ مسافر میٹرو خدمات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ مودی نے شہری عوامی نقل و حمل میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ اگر 2014 سے پہلے میٹرو نیٹ ورک کی توسیع کی رفتار برقرار رہتی تو پونے سمیت کئی شہروں کو میٹرو کی سہولت حاصل کرنے کے لیے برسوں بلکہ دہائیوں تک انتظار کرنا پڑتا۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی رفتار پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر ہندوستان کا میٹرو نیٹ ورک 2014 سے پہلے جس رفتار سے بڑھ رہا تھا، اسی رفتار سے آگے بڑھتا رہتا تو پونے جیسے شہروں کو میٹرو کی سہولت ملنے کے لیے کتنا انتظار کرنا پڑتا؟ سال… نہیں… شاید دہائیاں، اور یہ ناقابل قبول تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2014 میں ہندوستان کے صرف پانچ شہروں میں 248 کلومیٹر طویل میٹرو لائنیں زیرِ استعمال تھیں، جبکہ اس کے بعد نیٹ ورک کی توسیع 26 شہروں میں تقریباً 1200 کلومیٹر تک ہو چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو میں روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد بھی ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے ۔
یہ شہری مسافروں میں عوامی نقل و حمل کے اس ذریعے پر بڑھتے ہوئے انحصار کی عکاسی کرتا ہے ۔