مجھے آئی آر ایف سی کے قرض کے بارے میں کوئی علم نہیں۔اشونی ویشنو ۔ ایل اینڈ ٹی کی مہلت 31 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے
حیدرآباد، 27 نومبر (سیاست نیوز)ایل اینڈ ٹی سے میٹرو کے پہلے مرحلے کو اپنی تحویل میں لینے 13,600 کروڑ روپے کا قرض آنا ہے۔ اس قرض پر ایک بار پھر شکوک و شبہات کے بادل چھا گئے ہیں۔ مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے کہا کہ انڈین ریلوے فینانس کارپوریشن سے ملنے والے اس قرض سے متعلق انہیں کچھ معلوم نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میٹرو کے دوسرے مرحلے کیلئے مالی امداد ان کے محکمے کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتی۔ ان بیانات نے حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ آئی آر ایف سی محکمۂ ریلوے کے تحت ایک ادارہ ہے۔ 25 مئی کو اس ادارے کے ساتھ ری فینانسگ کا معاہدہ طے پایا تھا۔ تاہم مرکز سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سے چھ ماہ گزرنے کے باوجود قرض جاری نہیں ہوا۔ اسی قرض کیلئے 22 جون کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کے ساتھ مل کر ویشنو سے ملاقات کی تھی۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ اب وزیر کہہ رہے ہیں کہ انہیں اس قرض کے بارے میں معلوم نہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹرو کے ایم ڈی سرفراز احمد نے حال ہی میں دہلی کا دورہ کرکے متعلقہ عہدیداروں سے درخواست کی کہ مرکز کے تحت پاور فینانس کارپوریشن کے ذریعے 13,600 کروڑ روپے کا قرض دلایا جائے۔ اطلاع ہے کہ ریاستی حکومت کے اعلیٰ حکام نے بھی مرکزی وزراء سے گزارش کی ہے کہ اگر بینکوں سے مناسب شرحِ سود پر قرض نہ ملے تو پی ایف سی سے دلایا جائے۔ پی ایف سی مرکزی محکمۂ برقی کے دائرۂ اختیار میں ایک ادارہ ہے۔ عہدیدار اس بات پر فکرمند ہیں کہ اگر پی ایف سی بھی پیچھے ہٹ گیا تو کیا صورتِ حال ہوگی۔مرکز نے واضح کیا ہے کہ میٹرو کے پہلے مرحلے کو مکمل طور پر اپنی تحویل میں لینے کے بعد ہی دوسرے مرحلے کی منظوری دی جائے گی۔ ایل اینڈ ٹی نے اپنے حصص کی فروخت کی مہلت 31 دسمبر تک بڑھا دی ہے۔ ان دو وجوہات کی بنا پر حکام دسمبر کو ہدف بنا کر کام کر رہے ہیں۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ ایل اینڈ ٹی کے نام پر موجود 13,600 کروڑ روپے کا قرض اپنے نام منتقل کروا کر قسطوں میں ادا کرے۔ پہلے سے واجب الادا تقریباً 1,460 کروڑ روپے ایچ ایم ڈی اے کے ذریعے ادا کیے جائیں گے۔ حکومت کو امید ہے کہ قرض کے حصول کیلئے بطور مشیر مقرر کی گئی ایس بی آئی کیپس کے ذریعے تقریباً 3 فیصد سود پر قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ لیکن معلوم ہوا کہ نجی بینکوں میں کم از کم شرحِ سود 5 فیصد سے زیادہ ہونے سے مایوسی کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایس بی آئی کیپس کے حکام نے منگل کو مشورہ دیا کہ 3 سے 4 فیصد سود پر قرض دینے والے بین الاقوامی بینکوں سے بات کی جائے۔ حکومت جاپان کے مالیاتی اداروں کی طرف بھی دیکھ رہی ہے۔دوسرے مرحلے میں سات کوریڈورز میں تقریباً 122 کلومیٹر میٹرو تعمیر کرنے کا حکومت نے منصوبہ بنایا ہے۔ اس پر 38,595 کروڑ لاگت کا تخمینہ ہے۔ اس پراجیکٹ کی ڈی پی آر ابھی تک مرکز کے پاس ہی زیرِ التوا ہے۔ اگر مقررہ مدت کے اندر قرض فراہم نہ ہوا تو پہلے مرحلے کا ٹیک اوور پھر ملتوی ہو جائیگا۔ ایسا ہوا تو دوسرا مرحلہ مزید دور ہو جائیگا۔ اگر زیادہ سود پر قرض لیا گیا تو اس کا بوجھ ریاست پر پڑیگا۔دوسرے مرحلے کے اولڈ سٹی کوریڈور کیلئے اراضی کا حصول دو سال سے جاری ہے۔ پتہ چلا کہ اس تاخیر پر حکومت نے ایچ ایم آر ایل حکام کی سرزنش کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ سوال کیا گیا کہ فنڈز ہونے کے باوجود اراضی کا حصول کیوں مکمل نہیں ہوا۔ معلوم ہوا کہ دسمبر کے دوسرے ہفتے تک یہ عمل مکمل کر کے کوریڈور کے راستے کو سول کاموں کیلئے تیار کرنے ہدایت دی گئی ہے۔1