احکامات پر عمل آوری میں غفلت و لاپرواہی پر تلنگانہ ہائیکورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز): تلنگانہ ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل آوری میں غفلت برتنے پر سائبرآباد پولیس کمشنر رمیش ریڈی اور میڑچل ڈی سی پی کوٹی ریڈی کو دو ہفتے قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے دونوں عہدیداروں پر فی کس 2 ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا۔تفصیلات کے مطابق ایک اراضی تنازعہ سے متعلق مقدمہ میں ہائی کورٹ نے قبل ازیں درخواست گزار کو مناسب پولیس تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم پولیس عہدیداروں نے عدالتی احکامات پر عمل آوری میں لاپرواہی برتی۔ اس پر درخواست گزار نے ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست داخل کی تھی۔درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے عہدیداروں کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کو دو ہفتے قید اور فی کس 2 ہزار روپئے جرمانہ کی سزا سنائی۔ تاہم عدالت نے فیصلے پر عمل آوری کو ایک ہفتہ تک معطل رکھتے ہوئے عہدیداروں کو اپیل داخل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اعلیٰ عدالتی بنچ سے حکم التوا حاصل نہیں کیا گیا تو دونوں عہدیداروں کو ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے روبرو خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے جیل کی سزا کاٹنی ہوگی۔ علاوہ ازیں جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید ایک ہفتہ قید کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ب